22 پروازوں سے 5500عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ گئے
منگل کو 13حج پروازوں کے ذریعے 35سو سے زائد عازمین حج کی روانگی فضائی آپریشن 21مئی تک بلا تعطل جاری رہے گا ،آج سے ریاض الجنہ حاضری
اسلام آباد (سید قیصر شاہ)فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے ملک بھر سے عازمین حج کا براہ راست مدینہ منورہ پہنچنے کا سلسلہ جاری ، فضائی آپریشن 21 مئی تک بغیر کسی تعطل کے جاری رہے گا ،اب تک22 پروازوں کے ذریعے ساڑھے 5 ہزار سرکاری عازمین حج کو مدینہ منورہ پہنچایا گیا، منگل کو ملک بھر سے 13 حج پروازوں کے ذریعے مزید 35 سو سے زائد عازمین حج مدینہ منورہ گئے ، اسلام آباد سے 4، کراچی، لاہور، ملتان اور کوئٹہ سے 2، 2 جبکہ سیالکوٹ سے 1 حج پرواز روانہ گئی ، دوسری جانب مسجد نبوی ﷺ میں پاکستانی عازمین حج کیلئے ریاض الجنہ کی حاضریوں کا باقاعدہ آغاز آج ہو گا ،انتظامات کا جائزہ کوآرڈی نیٹر مدینہ کاشف حسین، ڈائریکٹر مدینہ زاہد سہیل اور ریاض الجنہ ٹیم کے انچارج زبیر نیازی کی زیرِ صدارت ایک اجلاس میں لیا گیا ،335 پاکستانی عازمین حج جن میں 173 مرد ، 162 خواتین شامل ، ریاض الجنہ کی حاضری دیں گے۔