اہم معاملات پر عوام پنجاب اسمبلی میں پٹیشن دائر کر سکیں گے

 اہم معاملات پر عوام پنجاب اسمبلی میں پٹیشن دائر کر سکیں گے

پٹیشن پر 200افراد کے دستخط لازم ،سکروٹنی کمیٹی سفارشات مرتب کریگی فارم اسمبلی کی آفیشل ویب سائٹ سے حاصل کیا جا سکے گا، نوٹیفکیشن جاری

لاہور(سیاسی نمائندہ)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے عوامی مسائل کو براہِ راست ایوان تک پہنچانے کے لیے پبلک پٹیشنز کی سکروٹنی کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کر دی ، اسمبلی سیکرٹریٹ نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق  عام شہری اب پنجاب اسمبلی میں پبلک پٹیشن دائر کر سکیں گے تاہم اس کے لیے کم از کم 200 افراد کے دستخط لازمی ہوں گے ، اہم نوعیت کے عوامی معاملات کو پٹیشن کے ذریعے اسمبلی میں پیش کیا جا سکے گا جس سے عوام کو قانون سازی کے عمل میں براہِ راست شامل ہونے کا موقع ملے گا۔سکروٹنی کمیٹی کی سربراہی ڈپٹی سپیکر کریں گے جبکہ کمیٹی پبلک پٹیشنز کا جائزہ لے کر 30 دن کے اندر اپنی سفارشات مرتب کرے گی اور انہیں سپیکر پنجاب اسمبلی کو پیش کرے گی، جس کے بعد متعلقہ معاملات کو مزید کارروائی کے لیے آگے بڑھایا جائے گا۔پبلک پٹیشن جمع کروانے کے لیے فارم پنجاب اسمبلی کی آفیشل ویب سائٹ سے حاصل کیا جا سکے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں