ایران امریکامعاہدہ:سینیٹ کا وزیراعظم، فیلڈ مارشل کو خراج تحسین
اسلام آباد ( وقائع نگار ،اے پی پی)سینیٹ نے ایران امریکا معاہدے میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ۔۔۔
جنیوا میں ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے پر دستخط سے پاکستان سرخرو ہو گا جبکہ اپوزیشن اور حکومتی سینیٹرز نے بجٹ پر بحث کے دوران عوام کو ریلیف دینے پر زور دیا ہے ۔ ایوان بالا میں وفاقی بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے سینیٹر بلال مندوخیل نے کہا کہ بجٹ الفاظ کا گورکھ دھندہ ہے ، 8 ہزار ارب روپے صرف قرض پر سود کی ادائیگی پر خرچ ہوں گے ، سب سے زیادہ ٹیکس سرکاری ملازمین دیتے ہیں، ہمیں صحت، تعلیم، سائنس وٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ، غریبوں پر ٹیکسوں کا بوجھ کم کیا جائے ۔ سینیٹر عامرچشتی نے کہا کہ بجٹ میں مقامی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کی جائے ، جنیوا میں ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے پر دستخط سے پاکستان سرخرو ہو گا، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بہترین کام کیا۔ سینیٹر دنیش کمار نے کہا کہ ملک معاشی مشکلات کا شکار ہے ،ملک سے سودی نظام کاخاتمہ کیا جائے ،اسلام آباد اعلامیہ پر پوری پاکستانی قوم اور تمام سیاسی جماعتوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،دنیا میں پاکستان کانام فخر سے بلند ہو گیا،پاکستان نے پوری دنیا کو تیسری عالمی جنگ سے بچایا۔
مولانا عطا الرحمن نے کہا کہ ملکی ترقی کے لئے معاشی استحکام اورامن ناگزیرہیں،معیشت امن کے بغیر نہیں چل سکتی، پیپلز پارٹی کے ضمیر حسین گھمرو نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم پر عمل کیاجائے ۔سینیٹر ذیشان خانزادہ نے کہا کہ ٹیکس نیٹ بڑھایا جائے ۔ایران امریکامعاہدے میں پاکستان کے شاندار کردار اور کاوشوں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ سینیٹر مسرور احسن نے کہا کہ ملک کی ایک بڑی آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہی ہے ۔ سیاسی جماعتیں باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر عوامی مسائل کے حل، غربت کے خاتمے اور معاشی استحکام کے لئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں۔ سینیٹر دوست محمد نے بجٹ کو غریب مکاؤ بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے عام آدمی کی مشکلات مزید بڑھیں گی۔سینیٹر زرقہ تیمور نے ایوان میں ہلکے پھلکے انداز میں کہا کہ اگر انہیں مزید وقت دیا جائے تو وہ ایوان کو کھانا کھلانے کو بھی تیار ہیں، تاہم ان کا کہنا تھا کہ سنجیدہ مسائل پر سنجیدہ بحث ضروری ہے ۔بعدا زاں سینیٹ کا اجلاس آج دوپہر ساڑھے بارہ بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔