آزاد کشمیر کے عوام پرامن رہیں،دھرنے ختم ،مذاکرات کریں:نوازشریف کی اپیل
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ (ن)کے صدرنواز شریف نے اپیل کی ہے کشمیرکے عوام پاکستان سے اپنا نظریاتی اور فکری رشتہ برقرار رکھتے ہوئے پر امن رہیں، دھرنوں کو ختم کر کے بامقصد مذاکرات کریں۔
انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ آزاد کشمیر کے عوام، حکومت اور پاکستانی حکومت تمام سیاسی جماعتوں سے ملکر امن کی بحالی کیلئے کردار ادا کریں گے ،وہ آزاد کشمیر کی سیاسی اور انتظامی صورتحال پر اجلاس کی صدارت کے دوران اظہار خیال کر رہے تھے ،اجلاس میں آز ا د کشمیر اور ن لیگ کی سینئر قیادت شریک ہوئی،نوازشر یف نے آزادکشمیر کی سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ(ن) مسئلہ کشمیر سے متعلق واضح موقف رکھتی ہے ، مقبوضہ کشمیر کے عوام کویو این او کی قرار دادوں کے مطابق حق خود ارادیت ملنا چاہیے، ن لیگ نے آزاد کشمیر کے عوام کو آئینی، بنیادی حقوق اور تعمیر و ترقی کے حوالے سے ترجیح دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری اہلکاروں اور شہریوں کے جانوں کے ضیاع پر دلی رنج اور صدمہ پہنچا ہے ، ایسی صورت حال پیدا نہیں ہونی چاہیے تھی، یہ ملک ہم سب کا ہے، عوام کی فلاح و بہبود کیلئے تمام تر کوششیں اور صلاحیتیں بروئے کار لانی چاہئیں، آزاد جموں کشمیر کے عبوری آئین ایکٹ 1974 کے مطابق کشمیریوں کو مکمل شہری آزادیاں حاصل ہیں ، عوامی حقوق کے لیے آئین کے اندر رہتے ہوئے جدوجہد کرنی چاہیے ، ن لیگ تمام جمہوری قوتوں کیساتھ ملکر اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔نواز شریف نے مزید کہا ہمیں بھائی چارے اور رواداری کی سیاست کو فروغ دینا چاہیے، اس ملک میں ہم سب نے بھائیوں کی طرح رہنا ہے۔
کشمیریوں نے پاکستان کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں، پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی جدوجہد کو اپنی جدوجہد سمجھا ہے اور اسکے لیے کردار ادا کیا ہے ۔نواز شریف نے کہا موجودہ حالات میں حکومت پاکستان اور پاکستان کے دفاعی اداروں نے بے مثال کامیابیاں حاصل کی ہیں، کسی ایسے عمل کاحصہ نہیں بننا چاہیے جس سے دشمن قوتوں کے مذموم مقاصد کو تقویت ملے ۔اجلاس میں آزاد کشمیرمیں حالیہ واقعات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پردکھ کا اظہار کرتے ہوئے مغفرت کے لیے دعا کی گئی۔گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی انتخابی مہم بہتر انداز میں چلانے پر نواز شریف نے انجینئر امیر مقام کی خدمات کو بھی سراہا۔