پاکستان وینز ویلا کاکئی شعبوں میں تعاون بڑھانے پراتفاق

پاکستان وینز ویلا کاکئی شعبوں میں تعاون بڑھانے پراتفاق

اسحاق ڈار کا ہم منصب فیلکس پلاسینسیا کو فون ،دوطرفہ تعلقات پر بات چیت صدرنیشنل پارٹی عبدالمالک بلوچ کی پارلیمانی وفد کیساتھ وزیرخارجہ سے ملاقات

اسلام آباد (وقائع نگار،نیوزایجنسیاں)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے وینزویلا کے نئے وزیر برائے خارجہ تعلقات و بین الاقوامی تجارت فیلکس پلاسینسیا سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔اسحاق ڈار نے فیلکس پلاسینسیا کو نئے عہدے کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور وینزویلا میں حالیہ زلزلوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ عوام سے پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔ وینزویلا کے وزیر خارجہ نے نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی  کم کرنے اور مذاکرات کے فروغ کے لیے پاکستان کے مثبت سفارتی کردار کی تعریف کی۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور وینزویلا کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے۔

تجارت، سرمایہ کاری، کاروبار، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے ، اقتصادی روابط کے فروغ اور عوامی سطح پر تعلقات مستحکم کرنے اورمستقبل قریب میں ملاقات پر اتفاق کیا۔دریں اثنا ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے بتایا کہ کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی دعوت پر آج پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گی۔ دورے کے دوران پاک کینیڈا تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، عوامی روابط، علاقائی اور عالمی امور سمیت باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بات چیت ہوگی، جبکہ وہ پاکستانی قیادت سے بھی ملاقات کریں گی۔ادھر اسحاق ڈار نے نیشنل پارٹی کے صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور ان کی جماعت کے پارلیمانی وفد سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے بلوچستان کے عوام کے مسائل کے حل، معاشی و ترقیاتی خواہشات کی تکمیل اور صوبے کی خوشحالی کے لیے وفاقی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...