سندھ کابینہ کا آٹا 112 روپے فی کلو برقرار رکھنے کا فیصلہ
فلور ملوں کیلئے گندم ذخیرہ رکھنے کی حد ایک ماہ سے بڑھا کر تین ماہ کر دی عمران کیلئے دعاگو ،صوبے کیسے بن سکتے آئین میں واضح ہے :شرجیل میمن
کراچی(سٹاف رپورٹر)سندھ کابینہ نے فلور ملوں کے لیے گندم ذخیرہ رکھنے کی حد ایک ماہ سے بڑھا کر تین ماہ کرنے ، آٹے کی قیمت 112 روپے فی کلو برقرار رکھنے ، 25 ایکڑ تک زمین رکھنے والے گندم کاشتکاروں کے لیے ڈی اے پی سبسڈی پیکیج کی منظوری اور PIFTAC منصوبے کے لیے 44 کروڑ 19 لاکھ روپے کے اضافی فنڈز کی منظوری دیدی۔اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے ۔انہوں نے کہا کہ کابینہ نے فلور ملوں کے لیے گندم ذخیرہ رکھنے کی حد ایک ماہ سے بڑھا کر تین ماہ کرنے کی منظوری دی ہے۔
تاہم فلور ملوں سے نکلنے والے آٹے کی قیمت 112 روپے فی کلو برقرار رکھنا لازمی ہوگا۔ سی طرح PIFTAC کے ہیڈکوارٹرز اور جدید ڈیٹا سینٹر کے قیام کی بھی منظوری دی گئی، جہاں اے آئی ہب اور جدید فیلڈ کوآرڈی نیشن رومز قائم کیے جائیں گے ۔ مختلف سوالوں کے جواب دیتے شرجیل میمن نے کہا کہ خالد مقبول صدیقی اور مصطفیٰ کمال سیاسی طور پر ختم ہو چکے ، آئین میں واضح ہے کہ صوبے کس طرح بن سکتے ہیں ۔عمران خان کی صحت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ عمران خان کی صحت کے لیے دعاگو ہیں اور اللہ تعالیٰ انہیں درازیٔ عمر اور صحت مند زندگی عطا فرمائے ،سیاسی اختلاف اپنی جگہ لیکن کسی کی بیماری پر شائستگی اور انسانیت کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے ، عدالت کے حکم کے بغیر بھی ہر شخص کو بنیادی طبی سہولیات ملنی چاہئیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments