لیوی ختم کریں ورنہ حکومت گراؤ تحریک شروع کرینگے :حافظ نعیم

لیوی ختم کریں ورنہ حکومت گراؤ تحریک شروع کرینگے :حافظ نعیم

مہنگائی سے عوام کا جینا محال، خواتین سب سے زیادہ متاثر ہیں:امیر جماعت اسلامی

 اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ پٹرولیم لیوی کے نام پر عوام سے وصول کیا جانے والا بھتہ ٹیکس کسی صورت قبول نہیں، یہ بھتہ ختم نہ ہوا تو احتجاجی تحریک حکومت گراؤ تحریک میں تبدیل کر دینگے ،حکمران عوام سے جگا ٹیکس لینے کے بجائے اپنی عیاشیاں اور شاہ خرچیاں ختم کریں، قوم کو جینے کا حق دیا جائے ، عوام کو خیرات نہیں آئینی حق چا ہئے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد آبپارہ چوک میں جماعت اسلامی خواتین ونگ کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر قائم مقام سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین ثمینہ سعید ، ناظمہ اسلام آباد قدسیہ ناموس ، امیر اسلام آباد نصراللہ رندھاوااور دیگر رہنماؤں نے بھی اظہار خیال کیا۔

دوسری طرف پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کیخلاف جماعت اسلامی کا لاہور سمیت مختلف شہروں میں دھرنا بھی جاری رہا۔ دریں اثناء حافظ نعیم الرحمن نے خطاب میں مزید کہا کہ مسلسل مہنگائی، پٹرول اور بجلی کی بڑھتی قیمتوں نے عام آدمی کا جینا دشوار کردیا ، حکومت کہتی ہے لیوی ختم کرنے سے آئی ایم ایف ناراض ہوجائے گا،کیا حکمران اپنے جہاز، بڑی گاڑیاں اور دیگر شاہانہ اخراجات آئی ایم ایف سے پوچھ کر کرتے ہیں؟ ، اشرافیہ کو مراعات اور عام آدمی پر ٹیکسوں کا بوجھ ڈالا جا رہا ہے ۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا ایک عورت سے زیادہ کون جان سکتا ہے کہ گھر کا بجٹ آؤٹ ہونے سے کیا مشکلات پیدا ہوتی ہیں، انہیں سب سے زیادہ مشکلات کا سامنا ہے۔

حکمرانوں کی عیاشیوں میں کوئی کمی نہیں آرہی، حکمرانوں کے بیرون ملک دوروں اور ذاتی تقریبات کے اخراجات کی تفصیلات سامنے لائی جائیں ، ذاتی اخراجات کا دعویٰ کرنے والے حکمران آمدن، ریٹرن اور اخراجات کا حساب قوم کو دیں۔ انہوں نے سرکاری سکولوں کی فروخت پر سوال اٹھاتے کہا کہ مریم نواز قوم کے پیسوں سے بنے سکول کیسے فروخت کرسکتی ہیں ،مریم نواز نے 11 ارب روپے کا جہاز خریدا، حکمرانوں کے اخراجات عوام کی خون پسینے کی کمائی کے ٹیکسوں سے پورے ہورہے ہیں، پنجاب میں نویں جماعت کے امتحانات میں 52 فیصد طلبہ و طالبات فیل ہوئے ، ملک میں یکساں اور معیاری تعلیمی نظام رائج اور سرکاری تعلیمی اداروں کا معیار بہتر کیا جائے ، جماعت اسلامی کی ملک گیر دھرنا تحریک جاری رہے گی، ہم اپنے آئینی حقوق سے دستبردار نہیں ہوں گئے اور 20 ستمبر کو اسلام آبادلانگ مارچ ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...