1.2ارب ڈالر آئی ایم ایف قسط کی 11 دسمبر کو منظوری متوقع : 50 کروڑ ڈالر ٹریڈ فنانس سہولت حاصل کرنے کا فیصلہ
جے پی مورگن، سٹینڈرڈ چارٹرڈ اور کامرز بینک میگا کی ضمانت پر پاکستان کو 50کروڑ ڈالر فراہم کریں گے ٹریڈ فنانس سہولت ابتدائی طور پر ایک سال کیلئے ہوگی، فریقین کی رضامندی سے مزید دو سال بڑھائی جا سکے گی
اسلام آباد (مدثر علی رانا) 1.2 ارب ڈالر کے لیے آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 11 دسمبر کو ہوگا۔ حکومت نے جے پی مورگن، اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک اور کامرز بینک سے 50 کروڑ ڈالر کی ٹریڈ فنانس سہولت حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے قرض کو تین سال تک رول اوور کرایا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ پاکستان کی معیشت کے لیے بڑی خوشخبری کا امکان ہے کہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں پاکستان کے لیے 1.2 ارب ڈالر کی منظوری دی جا سکتی ہے ۔پاکستان نے آئی ایم ایف مشن کے ساتھ مذاکرات اکتوبر میں مکمل کیے تھے ۔ موجودہ ای ایف ایف پروگرام کی پانچویں قسط کے لیے چوتھا جائزہ اجلاس اکتوبر میں ہوا تھا جس کے نتیجے میں پاکستان کو ایک ارب ڈالر ملنے کا امکان ہے ۔ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے آر ایس ایف پروگرام کے تیسرے جائزے پر بھی مذاکرات ہوئے جس کے تحت چوتھی قسط میں 21 کروڑ ڈالر مل سکیں گے ۔وفاقی حکومت نے عالمی مالیاتی منڈیوں سے بیرونی فنانسنگ کے نئے ذرائع کھولنے کی جانب اہم قدم اٹھاتے ہوئے میگا کی ضمانت پر 50 کروڑ ڈالر کی ٹریڈ فنانس سہولت حاصل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے عالمی بینکوں کے کنسورشیم کی سینئر قیادت اور ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی (میگا) کے نمائندوں کے ساتھ ورچوئل ملاقات کی جس میں اس سہولت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مسابقتی انتخابی عمل کے تحت 9 عالمی مالیاتی اداروں نے اس سہولت کے لیے بولیاں جمع کرائیں۔ ان میں سے سب سے مسابقتی اور کم شرح سود کی شرائط پیش کرنے والے تین بینکوں کو فنانسنگ پارٹنر کے طور پر منتخب کیا گیا ہے ، جن میں کامرز بینک، جے پی مورگن اور اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک شامل ہیں۔وزارت خزانہ کے مطابق ان تینوں بینکوں کا انتخاب بہترین مالیاتی شرائط کی بنیاد پر کیا گیا ہے ۔ ابتدائی طور پر یہ سہولت ایک سال کے لیے ہوگی، تاہم اسے تین سال تک رول اوور کیا جا سکے گا یعنی فریقین کی رضامندی سے مزید دو سال کے لیے بڑھایا جا سکے گا۔وزارت خزانہ کے مطابق اس سہولت سے ضروری درآمدات اور تجارت سے متعلق اخراجات کی فنانسنگ کی جائے گی۔ حکومت اسے تیل، گیس، کھاد، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء کی درآمد کے لیے استعمال کر سکے گی۔یہ حکومت پاکستان کا میگا کے ٹریڈ فنانس پروگرام کے تحت پہلا کریڈٹ انہانسمنٹ لین دین ہے۔
کریڈٹ انہانسمنٹ کا مطلب یہ ہے کہ میگا اس قرض کی ضمانت دے گا۔ اگر کسی وجہ سے پاکستان بروقت ادائیگی نہ کر سکا تو میگا بینکوں کو ادائیگی کا ذمہ دار ہوگا۔ اس ضمانت کی وجہ سے بینکوں کا اعتماد بڑھا ہے اور قرض کی شرائط نسبتاً بہتر ہوئی ہیں۔وزارت خزانہ کے مطابق یہ پہلی بار ہے کہ کامرز بینک اور جے پی مورگن حکومت پاکستان کو کمرشل قرض دینے میں شریک ہو رہے ہیں۔ اس سے قبل یہ دونوں بڑے عالمی بینک حکومت پاکستان کو براہ راست کمرشل قرض نہیں دیتے تھے ۔ اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک پہلے بھی پاکستان میں کام کرتا رہا ہے اور حکومت کے ساتھ اس کے مالیاتی تعلقات موجود ہیں۔وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے مضبوط دلچسپی اور بولیوں میں شرکت پاکستان کی معیشت پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے ۔ حکومت نے تمام حصہ لینے والے اداروں کی دلچسپی، وقت اور کوششوں پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے ۔وزارت خزانہ کے مطابق یہ لین دین کثیرالجہتی رسک کم کرنے والے آلات کے ذریعے نجی عالمی سرمایہ متحرک کرنے ، بیرونی فنانسنگ کے ذرائع کو متنوع بنانے اور جدید فنانسنگ ڈھانچے تلاش کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
حکومت نے محتاط قرضوں کے انتظام اور مالیاتی ذمہ داری برقرار رکھتے ہوئے اس عمل کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ حکومت تینوں عالمی اداروں کے ساتھ مضبوط اور پائیدار تعلقات قائم کرنے کی خواہشمند ہے ۔ قرض کی یہ رقم سود سمیت ڈالر میں واپس کرنی ہوگی، تاہم میگا کی ضمانت کی وجہ سے اس قرض کی شرح سود نسبتاً کم ہوگی۔ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ہر ماہ اربوں ڈالر کی درآمدات کے لیے ادائیگیاں کرنا ہوتی ہیں۔ اکتوبر 2026 میں پاکستان کی درآمدات 7 ارب 12 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی تھیں۔ذرائع کے مطابق اگر یہ تجربہ کامیاب رہا تو مستقبل میں پاکستان کو عالمی منڈی سے مزید اور بڑی مالیاتی سہولتیں مل سکتی ہیں اور ملک کا انحصار صرف آئی ایم ایف یا دوست ممالک کے قرضوں پر کم ہو جائے گا۔دوسری جانب بعض ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ڈالر میں لیا گیا ہر قرض روپے کی قدر میں کمی کی صورت میں مہنگا ہو جاتا ہے ، اس لیے حکومت کو اس سہولت کو صرف انتہائی ضروری اور پیداواری درآمدات کے لیے استعمال کرنا چاہیے ۔حکومت پاکستان آئندہ دنوں میں میگا اور منتخب بینکوں کے ساتھ مل کر اس لین دین کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کے لیے کام کرے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments