سندھ کے عوام صوبہ تقسیم کرنیکی اجازت نہیں دینگے ،وزیراعلیٰ
حیدرآباد ڈویژن میں چار اضلاع بنانے سے پیچیدگیاں اورسیاسی اجارہ داریاں پیدا ہوئیں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاکیساتھ نشست،مرادشاہ کاادارہ جاتی ناکامیوں کااعتراف
کراچی (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی ملک کے ترقی پسند، جامع اور معاشی طور پر متحرک ترین شہروں میں شامل ہے ، جو پاکستان بھر سے آنے والے لوگوں کو روزگار اور ذریعہ معاش کے مواقع فراہم کرتا ہے ،امن و امان کی بہتر صورتحال، وسعت پذیر بنیادی ڈھانچہ، صحت کی سہولیات اور صنعتی ترقی صوبائی حکومت کی کارکردگی کی عکاسی کرتے ہیں، اس کے باوجود کہ سیاسی مخالفین شہر کا منفی تاثر پیدا کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔وہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں 28ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے 105 سے زائد شرکا، جن میں 25 خواتین بھی شامل تھیں، کے ساتھ ایک نشست سے خطاب کر رہے تھے ۔ورکشاپ کی قیادت میجر جنرل محمد رضا کر رہے تھے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دنیا کے خطرناک ترین شہروں کی فہرست میں کراچی کی درجہ بندی 2013 میں چھٹے نمبر سے بہتر ہو کر 138ویں نمبر پر آگئی ہے ، جو امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے ۔
انہوں نے تھر میں کوئلے سے بجلی کی پیداوار، شاہراہِ بھٹو، نکاسی آب اور سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری، سائبر نائف کے ذریعے کینسر کے مفت علاج اور قومی ادارہ برائے امراض قلب میں علاج کی وسیع سہولیات کو اہم کامیابیاں قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ڈونر ایجنسیوں کو صوبائی حکومت پر اعتماد ہے اور وہ اس کے ترقیاتی اقدامات میں شراکت دار ہیں۔سندھ کو تقسیم کرنے کی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے یاد دلایا کہ 2005 میں حیدرآباد ڈویژن کو چار اضلاع میں تقسیم کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں انتظامی پیچیدگیاں اور سیاسی اجارہ داریاں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام صوبے کو تقسیم کرنے کی ایسی کوششوں کی اجازت نہیں دیں گے ۔ کراچی میں حالیہ عمارت گرنے کے واقعے پر انہوں نے اسے افسوسناک سانحہ قرار دیا اور ادارہ جاتی ناکامیوں کا اعتراف کرتے ہوئے چیف سیکرٹری کو ہدایت کی کہ ایس بی سی اے کی افرادی قوت، مہارت اور کارکردگی کا جامع آڈٹ کیا جائے ۔ سیکریٹری داخلہ اقبال میمن نے شرکا کو صوبے کی سکیورٹی صورتحال، انسداد دہشت گردی کے اقدامات، ابھرتے ہوئے خطرات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے بارے میں بریفنگ دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments