انسان بیک وقت کتنے چہرے شناخت کر سکتا ہے ؟

انسان بیک وقت کتنے چہرے شناخت کر سکتا ہے ؟

نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ انسان بیک وقت پانچ ہزار چہرے آسانی سے شناخت کر سکتا ہے ۔انسانی تاریخ بتاتی ہے کہ زمانہ قدیم میں انسان کم افراد پر مشتمل چھوٹے چھوٹے گروہوں میں رہتا تھا

لاہور(نیٹ نیوز)نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ انسان بیک وقت پانچ ہزار چہرے آسانی سے شناخت کر سکتا ہے ۔انسانی تاریخ بتاتی ہے کہ زمانہ قدیم میں انسان کم افراد پر مشتمل چھوٹے چھوٹے گروہوں میں رہتا تھا مگر حالیہ صدیوں میں انسان کے رہنے کا انداز تبدیل ہو گیا۔اس کامیل ملاپ صرف چند لوگوں تک محدود نہیں بلکہ پوری دنیا میں پھیل چکا ہے ۔ہم دیکھ سکتے ہیں کہ ہم اپنی روز مرہ کی زندگی میں بہت آرام سے اپنے دوستوں، ساتھیوں ، سیاستدانوں، شوبز شخصیات اور دیگر افراد کے چہروں کو پہچان لیتے ہیں۔برطانوی یونیورسٹی کے ماہرین کے مطابق چہرے کو شناخت کرنیوالی صلاحیتیں ہمیں اس قابل بناتی ہیں کہ ہم کسی بھی سماجی ماحول میں ہزاروں مختلف چہروں کی شناخت کر سکتے ہیں۔ماہرین نے چہرے شناخت کرنے اور یاد رکھنے کی اس صلاحیت کو’’فیشل ووکیبلری‘‘ کا نام دیاہے ۔ماہرین اس صلاحیت کی مدد سے چہرے شناخت کرنیوالا سافٹ ویئر تیار کرنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سافٹ ویئر سے مجرموں کے بارے میں تحقیقات کرنے میں مدد مل سکتی ہے ۔ انسانوں کی نفسیاتی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ انسان صرف چہرے کی شناخت ہی نہیں بلکہ معروف اور غیر معروف چہروں میں بھی تمیز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ نا واقف چہروں کی شناخت اکثر غلط ہو جاتی ہے جبکہ واقف چہروں کی شناخت بڑی عمدگی سے کر لی جاتی ہے ۔کچھ ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ انسانی دماغ میں مختلف الفاظ اور زبانوں کو محفوظ رکھنے کی کافی بڑی جگہ موجود ہوتی ہے تو اس کا بیک وقت اتنے سارے چہرے یاد رکھنا بھی تعجب کی بات نہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں