بلیاں بھی کتے کی طرح اپنے مالک سے مانوس ہوتی ہیں :تحقیق

بلیاں بھی کتے کی طرح اپنے مالک سے مانوس ہوتی ہیں :تحقیق

کتوں کے بارے میں کہاجاتاہے کہ وہ ایک وفادار جانور ہے اور کتے اپنے مالکوں سے مضبوط تعلق قائم کرلیتے ہیں

نیویارک (نیٹ نیوز )کتوں کے بارے میں کہاجاتاہے کہ وہ ایک وفادار جانور ہے اور کتے اپنے مالکوں سے مضبوط تعلق قائم کرلیتے ہیں مگر بلیوں کے بارے میں ایسا خیال نہیں کیا جاتا۔درحقیقت بلیوں کے بارے میں مانا جاتا ہے کہ وہ خودمختار ہوتی ہیں اور اپنے خیال رکھنے والوں سے جذباتی طور پر زیادہ قریب نہیں ہوتیں تاہم سائنسدانوں کاکہناہے کہ یہ بالکل غلط ہے ، درحقیقت بلیاں بھی اپنے مالکان یا خیال رکھنے والوں سے بچوں اور کتوں کی طرح مضبوط تعلق قائم کرلیتی ہیں۔سائنسدانوں نے یہ دلچسپ دعویٰ امریکا کی اوریگن سٹیٹ یونیورسٹی کی ہیومین اینیمل انٹرایکشن لیب میں تحقیق کے بعد کیاہے ۔تحقیق میں کہا گیا کہ یہ پہلی بار ہے جب بلیوں اور انسانوں کے درمیان تعلق پر اس طرح تحقیق کی گئی اور نتائج سے معلوم ہوا کہ بلیاں بھی اپنے خیال رکھنے والے ننھے بچوں اور کتوں جیسا تعلق مضبوط کرلیتی ہیں۔تحقیق کے مطابق خود کو غیرمحفوظ سمجھنے والی بلیاں ہوسکتا ہے گھر سے بھاگ جائیں اور چھپ جائیں یا الگ تھلگ رہنے لگیں مگر بیشتر بلیاں اپنے مالکان کو تحفظ کا ذریعہ سمجھتی ہیں، وہ خود کو محفوظ سمجھنے کیلئے ان پر انحصار کرتی ہیں۔اس تحقیق کے دوران بلیوں پر وہ تجربات کئے گئے جو اس سے پہلے محققین کتوں اور چھوٹے بچوں پر کرچکے ہیں۔اس تحقیق کے دوران مزید تجربات بھی کئے گئے جس کیلئے 70 بلی کے بچوں اور 38 ایک سال سے زائد عمر کی بلیوں کو دیکھا گیا اور مجموعی طور پر 64.3 فیصد بلی کے بچوں نے اپنے مالکان کی موجودگی میں تحفظ کے احساس سے جڑنے والے روئیے کا اظہار کیا جبکہ 35.7 فیصد نے عدم تحفظ والا رویہ اپنایا۔ اس کے مقابلے میں ایک سال سے زائد عمر کی 65.8 فیصد بلیوں نے تحفظ کے احساس جبکہ 34.2 فیصد نے عدم تحفظ کا اظہار کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں