سونا بدترین مندی کا شکار عالمی قیمت 300ڈالر گر گئی کمی کا رجحان جاری رہے گا
فی تولہ سونا 6تا 7ہزارروپے سستا، 4سال پرانے نرخ بحال، تاجروں کو اربوں روپے خسارہ،چاندی 10تا25فیصد مہنگی ہونیکا امکان
کراچی(رپورٹ: سلیم آذر) ملکی تاریخ میں پہلی بار اور بین الاقوامی سطح پر30سال(1983) کے بعد سونا بدترین مندی کا شکارہوگیا اور سونے کے نرخ صرف ایک روز میں10.9فیصد اورمجموعی طور پر13فیصد سے زیادہ کم ہوکر 4 سال پرانی سطح پرآگئے۔ ملک میں سونے کی قیمت اچانک 6ہزار تا 7ہزار فی تولہ تک کم ہونے کے باعث سونے کے پاکستانی تاجروں کوراتوں رات اربوں روپے کے نقصان کا سامنا کرناپڑاہے۔ 15روز کے دوران بین الاقوامی گولڈ مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں237سے 300ڈالرفی اونس تک کمی آئی ہے۔ ماہرین کے مطابق آج سے چار سال قبل اپریل 2010 کو بین الاقوامی منڈی میں سونے کی قیمت 1320ڈالرفی اونس جبکہ مارچ2013کے اختتام پر1620 ڈالر اور اپریل 2013کے پہلے ہفتے میں یہ قیمت 1603ڈالر فی اونس تھی لیکن اس وقت عالمی منڈی میں سونے کی قیمت 237ڈالرفی اونس کم ہوکر 1383 ڈالر فی اونس ہوگئی ہے جبکہ گزشتہ جمعہ سے پیر کے دن تک سونے کی قیمتیں جوگزشتہ12سال سے مسلسل بڑھ رہی تھیں، مجموعی طور پر13فیصد کم ہوگئیں۔ افراط زر کے خلاف ایک روایتی ہتھیار کے طور پر استعمال کی جانے والی اس قیمتی دھات میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی مختلف وجوہات کی وجہ سے کم ہوئی۔ پیر کے روز نیویارک میں سونے کی فی اونس قیمت صرف ایک روز میں 10.9 فیصد کمی کے بعد 1338 ڈالر ہو گئی تھی اور بلین مارکیٹس میں سونا مارچ 2011 کے بعد پہلی بار1400 ڈالر فی اونس سے بھی نیچے چلا گیا۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں جمعہ سے 300ڈالر سے زائد کمی واقع ہوچکی ہے۔ منگل کو الیکٹرانکس سیشن ٹریڈرز میں سونا 1345 ڈالر فی اونس میں ٹریڈ ہوا جو پیر سے بھی قیمت کے لحاظ سے 1.12 فیصد کم رہا۔ اسی طرح چاندی کی ٹریڈنگ قیمت میں 3.2 فیصد کمی کے ساتھ22.61 ڈالر فی اونس میں ہوئی۔ ماہرین کے مطابق جب عالمی منڈی میں سونے کے بھاؤ 1620 ڈالرفی اونس تھے اس وقت پاکستانی روپے میں سونے کے نرخ 60ہزار روپے فی تولہ سے زائد تھے لیکن اب عالمی منڈی میں یہ بھاؤ 1383ڈالرفی اونس پرآگئے ہیں تو پاکستان میں اس تناسب سے سونے کی قیمت 50ہزار روپے فی تولہ سے بھی کم بنتی ہے لیکن گولڈ مارکیٹ میں کسی بھی جگہ پر نئی قیمت پر سونا فروخت نہیں کیاجارہا بلکہ اس وقت فی تولہ سونا 53ہزار900روپے اور10گرام سونا 46ہزار200روپے میں فروخت ہورہا ہے۔ آج سے 4سال قبل جب سونے کی بین الاقوامی منڈی میں قیمت 1320ڈالرفی اونس تھی اس وقت پاکستان میں ڈالرکے بھاؤ 62روپے اور سونے کے نرخ 43ہزار روپے فی تولہ تھے لیکن اب جبکہ عالمی منڈی میں سونا1383 ڈالرفی اونس اور پاکستان میں ڈالر کی قیمت 100روپے کے برابر ہے تو فی تولہ سونا 50ہزار روپے کی مقررہ قیمت پر فروخت کرنے سے اجتناب کیاجارہاہے۔ سونے کی بین الاقوامی منڈی جب 1800 ڈالرفی اونس سے کم ہو تے ہوتے 1600 ڈالرفی اونس پر آئی تومذکورہ سطح پرکئی دن برقرار رہی اور گزشتہ سال2012 میں سونا 1525 ڈالرفی اونس کی کم تر ین سطح پرآ گیا تھا۔ اس سال بھی یہی خیال کیا جا رہا تھاکہ منڈی یہاں سے اوپر اٹھ جائے گی اسی لیے سونے کے بڑے بڑے ہول سیل بزنس مینوں نے بھاری مقدار میں سونا اسی ریٹ پر خرید لیا لیکن منڈی اچانک بری طرح گر گئی اورپاکستان میں سونے کے تاجروں کے اربوں روپے راتوں رات ڈوب گئے۔ ا ب کوئی بھی بزنس مین مہنگا خریدا ہوا سونا کم نرخوں پر بیچنے کو تیار نہیں جس کی وجہ سے صارفین کو سونا سستا ہونے کے ثمرات نہیں مل رہے، دوسری طرف ہانگ کانگ کی ایک خاتون جیولر ایمی لی کاکہنا ہے کہ گزشتہ جمعے کو سونے کی قیمتوں میں کمی کے باعث عام لوگوں کی جانب سے اس قیمتی دھات کی خریداری میں تیزی آئی تھی۔ لی نے کہا کہ منگل کے روز قیمتوں میں اضافے کے بعد لوگوں نے اس دھات کی خریداری روک دی۔ منگل کے روز خریداروں کی تعداد بہت کم رہی۔ میرا خیال ہے کہ وہ شاید قیمتوں میں مزید کمی کی توقع کر رہے ہیں۔ سنگاپور کے ایک سرمایہ کار جم روجرز نے کہا کہ میں ابھی یہ قیمتی دھات نہیں خریدوں گا کیونکہ سونے کی قیمتوں میں ابھی مزید کمی کی گنجائش موجود ہے۔ ماہرین کے مطابق عالمی منڈیوں میں سونے کی قیمتوں میں یہ ریکارڈ کمی چین کی اقتصادی ترقی کی شرح میں تنزلی اور قبرص کے مرکزی بینک کی جانب سے ملک کو قرضوں کے بحران سے نکالنے کےلیے اپنے سونے کے ذخائر میں سے 14ٹن سونا فروخت کرنے کی اطلاعات کے بعد آئی جبکہ سونے اورچاندی کی قیمتوں میں گراوٹ جمعہ سے اس وقت شروع ہوئی جب چین کی معاشی ترقی کے بارے رپورٹ سامنے آئی اور بلین مارکیٹ کو مزید دھچکا امریکا سے آنے والی معاشی انحطاط کی اطلاعات اور بم دھماکوں سے لگا۔ ماہرین کے مطابق آٗئندہ چند دنوں میں سونے کی قیمت مزید گر سکتی ہے جس کی قیمت میں2001 کے بعد7 گنا اضافہ ہوا اور2011 میں بلند ترین سطح 1920 ڈالر فی اونس پر چلی گئی تھیں۔ کریڈٹ سوئس، سوسائٹی جنریلے اور گولڈ مینز ساچس کے مطابق 2013 اور2014 میں سونے کی قیمتوں میں ڈاؤن ورڈ ٹرینڈ رہے گا۔ ان اداروں کے مطابق چاندی کی فی اونس قیمت میں آئندہ ہفتوں میں 10سے 25فیصد اضافہ ہوسکتا ہے۔