جوار ، باجرہ کی کاشت کیلئے ہلکی میرازمین کا انتخاب کریں:زرعی ماہرین

جوار ، باجرہ کی کاشت کیلئے ہلکی میرازمین کا انتخاب کریں:زرعی ماہرین

فصلات اناج اور چارے دونوں کیلئے کاشت کی جاتی ہیں جبکہ ان میں خشک سالی برداشت کرنے کی صلاحیت زیادہ ہے

فیصل آباد(اے پی پی)روانہہ ، جوار ، باجرہ موسم گرماکے اہم چارہ جات ہونے سمیت پانی کی کمی بہتر طور پر برداشت کرسکتے ہیں لہٰذا فصلات کو اناج اور چارے کے طور پر استعمال کرنے کیلئے کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ رقبہ پر روانہہ، جوار ، باجرے کی کاشت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے زرعی ماہرین نے بتایا کہ باجرہ ، جوار اورروانہہ موسم گرما کے اہم چارہ جات ہیں جو پانی کی کمی کو دوسرے چارہ جات کی نسبت بہتر طور پر برداشت کر سکتے ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ فصلات اناج اور چارے دونوں کیلئے کاشت کی جاتی ہیں جبکہ ان میں خشک سالی برداشت کرنے کی صلاحیت دوسری فصلوں کے مقابلے میں زیادہ ہے جس کی وجہ سے یہ سبز چارے اور دانے کی پیداوار اور کم بارش والے علاقوں میں دیگر خوردنی اجناس سے زیادہ ہو تے ہیں ۔انہوں نے بتایاکہ جوارکا غلہ مرغیوں کیلئے بہترین خوراک ہے جبکہ لوبیا کا چارہ لذیز ہونے کے ساتھ ساتھ زود ہضم بھی ہوتا ہے اور دودھ دینے والے جانوروں با لخصوص بھینس کیلئے بے حد مفید ہے ۔انہوں نے بتایاکہ اسکا دانہ بھی بے حد مقوی اور لذیز ہوتاہے اور پاکستان سمیت بہت سے ممالک میں لوگ اسے بڑے شوق سے کھاتے ہیں کیونکہ یہ پروٹین سے بھر پور ہوتا ہے ۔ فصل کی بڑھوتری میں مون سون کی بارشوں کا بڑا عمل دخل ہے جبکہ روانہہ کے چارے کیلئے کاشت کی ہوئی فصل 60 سے 70 دن میں تیار ہو جاتی ہے ۔ کاشتکار باجرہ اور جوار کی کاشت کیلئے اچھے نکاس والی ہلکی میرا زمین کا انتخاب کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں