ونڈ انرجی ذرائع سے 40ہزارمیگا واٹ بجلی حاصل ہوگی،ماہرین
گامیسا و اورینٹ انرجی سسٹمز کے سیمینار سے خطاب ، ہسپانوی سفیر بھی شریک پاکستان میں ونڈ انرجی کو نیا رخ دینے کا عزم کرلیا،سی ای او گامیسا الوارو بلباؤ
کراچی(بزنس ڈیسک) ونڈ انرجی کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کا سیمینار گزشتہ روز منعقد ہوا،سیمینار کا اہتمام گامیسا اور اورینٹ انرجی سسٹمز ( پرائیوٹ)لمیٹڈ نے کیا تھا۔ سیمینار میں گامیسا کا ایک اعلیٰ سطح وفد بھی شریک تھا ، سیمینار کا افتتاح پاکستان میں اسپین کے سفیر کارلوس مورالِس سانچز نے کیا۔متبادل توانائی ترقیاتی بورڈ کے سی ای اوامجد علی اعوان نے اپنی تعارفی تقریر میں پاکستان کے اندر ونڈ انرجی سیکٹر کی صورتِ حال کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا،سیمینار سے ڈائریکٹر متبادل توانائی محفوظ احمد قاضی نے بھی خطاب کیا ۔ گامیسا کے ماہرین نے کمپنی کی مختلف مصنوعات اور پاکستان کے حوالے سے ان مسائل کے حل کے بارے میں گفتگو کی اور یہ بھی بتایا کہ گامیسا کو ورلڈ لیڈر کیوں مانا جاتا ہے ، اس موقع پر گامیسا اے پی اے سی کے سی ای او الوارو بلباؤ نے کہا کہ پاکستان اس وقت توانائی کے شدید بحران کا شکار ہے اور اسے متبادل توانائی کی سخت ضرورت ہے ، اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک اندازے کے مطابق پاکستان کو اسی وجہ سے ہر سال جی ڈی پی میں3فیصد کا خصارہ برداشت کرنا پڑتا ہے اس لیے پاکستان میں ونڈ انرجی کو نیا رخ دینے کا عزم کرلیا ہے ، ونڈ انرجی کو استعمال میں لاکر40 ہزارمیگا واٹ تک بجلی آسانی سے حاصل کی جا سکتی ہے ۔