باغبانوں کو پھلدار پودوں کی خصوصی دیکھ بھال کی ہدایت
محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق باغبان موسم گرما میں پھلدار پودوں کی خصوصی دیکھ بھال کریں تاکہ اچھی کوالٹی کا پھل حاصل کیا جا سکے
لاہور،راولپنڈی (کامرس رپورٹر،خصوصی نامہ نگار) محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق باغبان موسم گرما میں پھلدار پودوں کی خصوصی دیکھ بھال کریں تاکہ اچھی کوالٹی کا پھل حاصل کیا جا سکے ۔ ترجمان کے مطابق گرمی اور خشکی سے پھل جھلس جاتا ہے اور اس کا چھلکا پھٹ جاتا ہے جس سے پھل کی خاصیت متاثر ہوتی ہے ۔ زیادہ گرمی کی وجہ سے پتوں کے مسام بند ہو جاتے ہیں جس کی وجہ سے ضیائی تالیف کا عمل صحیح طور پر نہیں ہوتا اور پودوں میں خوراک بنانے کا عمل متاثر ہوتا ہے ۔ شدید گرمی کی وجہ سے پتے زرد ہو جاتے ہیں اور ان میں سبز مادہ (کلوروفل) نہ ہونے کی وجہ سے پتے نشاستہ یعنی کاربوہائیڈریٹ نہیں بنا سکتے اور اس طرح پھل کی نشوونما بری طرح متاثر ہوتی ہے ۔ سخت گرمی پھل کے شدید کیرے کا باعث بنتی ہے ۔ ترجمان نے مزید کہا کہ بڑے پودوں کی 10 سے 12 دن کے وقفہ سے اور چھوٹے پودوں کی 5 سے 6 دن کے وقفہ سے ہلکی آبپاشی کرتے رہیں۔ نئے لگائے گئے پودے گرمی سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں ان پودوں پر سرکنڈا، پرالی یا ٹاٹ وغیرہ سے سایہ کریں۔