ایف بی آر :ٹیکس ریٹرن فائل کیلئے موبائل ایپ لانچ کرنے کا فیصلہ
الیکٹرونک فارم ویب سائٹ پر چند ضروری ترامیم کے ساتھ جلد جاری کردیا جائے گا، ترجمان
اسلام آباد ( آن لائن )رواں مالی سال کے لیے ٹیکس ریٹرن فارم متعارف کروانے کے ساتھ ساتھ ایف بی آر نے ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کے لیے موبائل ایپ لانچ کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا۔ ایف بی آر کی جانب سے انکم ٹیکس ریٹرن ایپ آئندہ ہفتے متعارف کروائی جائے گی، جس کی مدد سے کاروباری شخصیات اور تنخواہ دار افراد اپنے ٹیکس ریٹرن جمع کروا سکتے ہیں۔تنخواہ دار افراد، انفرادی شخصیات اور ایسوسی ایشنز کے لیے سال 2019 کے ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کے لیے الیکٹرونک فارم ایف بی آر کی ویب سائٹ پر چند ضروری ترامیم کے ساتھ جلد جاری کردیا جائے گا، جبکہ ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی آخری تاریخ 30 ستمبر 2019 ہے ۔ایف بی آر کے ترجمان اور ممبر پالیسی ان لینڈ ریونیو حامد عتیق نے کہا ہے کہ ٹیکس آسان موبائل میں ایک نیا آئکن بنایا جائے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ موبائل ایپ ای-ریٹرنز فائل کرنے میں ٹیکس دہندگان کی مدد کرے گی۔