نجی کمپنی کی جانب سے پٹرول سپلائی کم،عید پربحران کا خدشہ

نجی کمپنی کی جانب سے پٹرول سپلائی کم،عید پربحران کا خدشہ

شہرکے اہم مقامات پر نجی آؤٹ لیٹس میں پٹرول ناپید، صارفین شدیدپریشان اوگرا نجی کمپنیوں کوسپلائی بحال رکھنے کے احکامات جاری کرے ،عبدالسمیع خان

کراچی(بزنس رپورٹر)پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان نے خبردار کیا ہے کہ ایک نجی آئل مارکیٹنگ کمپنی کی جانب سے پٹرول سپلائی میں کمی کردی گئی ہے جس کے نتیجے میں عید الفطر کی تعطیلات کے دوران پٹرول کی قلت پیدا ہوسکتی ہے ۔ عبدالسمیع خان نے ایک بیان میں کہا کہ حیسکول کی جانب سے عید الفطر سے قبل پمپس کو پٹرول سپلائی میں بلا جواز کمی کردی گئی ہے جس کے نتیجے میں عید الفطر کی تعطیلات کے دوران پٹرول بحران جنم لے سکتا ہے ،انہوں نے بتایا کہ کراچی میں حیسکول کے پٹرول پمپس پر سپلائی میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے اور شاہراہ فیصل سمیت اہم مقامات پر حیسکول کے آؤٹ لیٹس میں پٹرول ناپید ہوچکا ہے اور صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ،عبدالسمیع خان کا کہنا تھا کہ اوگرا حکام حیسکول اور دیگر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو پٹرول و ڈیزل کی معمول کی سپلائی بحال رکھنے کے حوالے سے احکامات جاری کریں کیوں کہ پٹرولیم مصنوعات کی قلت کی صور ت میں سارا ملبہ پٹرول پمپس مالکان پر ڈال دیا جاتا ہے ،لاک ڈاؤن کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ کی بندش کی باعث عید الفطر کی تعطیلات کے دورا ن پٹرول کی کھپت میں اضافہ دیکھا جاسکتا ہے جس کیلئے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو اپنی سپلائی معمول کے مطابق جاری رکھنے کی ضرورت ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں