غیرقانونی تجارت ، ناقص اعدادوشمار فیصلہ سازی میں رکاوٹ

غیرقانونی تجارت ، ناقص اعدادوشمار فیصلہ سازی میں رکاوٹ

تحقیق پر مبنی حتمی، غیرجانبدار اور مستند اعدادوشمار مرتب کیے جائیں، آمنہ سلیم

کراچی(بزنس رپورٹر)غیرقانونی تجارت سے متعلق غیرمستند اعدادوشمار تیزی سے بڑھتے ہوئے اس قومی نقصان کے سدباب کیلئے موثر پالیسیوں کی تشکیل اور فیصلہ سازی کی راہ میں رکاوٹ بن گئے ہیں،معیشت سے متعلق اہم فیصلوں کیلئے ضروری ہے کہ ان کی بنیاد غیرجانبدار اور مستند اعدادوشمار پر رکھی جائے ،پاکستان میں بیشتر صنعتوں سے متعلق غیر قانونی تجارت کے اعدادوشمار کی وجہ سے فیصلہ سازوں کے علاوہ قانون کے مطابق کاروبار کرنے والی متعلقہ صنعتیں بھی مشکلات کا شکار ہیں،غیرقانونی تجارت دستاویزی معیشت کو کمزور بنانے کے ساتھ حکومتی ریونیو میں کمی کا سبب بھی بن رہی ہے تاہم اس صورتحال میں یہ بھی دیکھنے میں آیا ہے کہ مختلف پلیٹ فارمز سے غیرقانونی تجارت سے متعلق الگ الگ اعدادوشمار مہیا کیے جارہے ہیں جس سے صنعتیں، صارفین اور حکومت ابہام کا شکار ہیں، غیرقانونی تجارت کی روک تھام کیلئے سرگرم مشاورتی ادارے اسٹاپ اللیگل ٹریڈ(ایس آئی ٹی) کی ترجمان آمنہ سلیم نے حکومت پر زور دیا ہے کہ غیرقانونی تجارت کے حجم اور اس سے معیشت کو پہنچنے والے نقصان کا درست اندازہ مرتب کرنے کیلئے تحقیق پر مبنی حتمی، غیر جانبدار اور مستند اعدادوشمار مرتب کیے جائیں، غیرقانونی تجارت معیشت کے ساتھ نیشنل سیکیورٹی کیلئے بھی خطرہ ہے اور معیشت سے متعلق اہم فیصلوں کیلئے ضروری ہے کہ وہ درست اور غیر جانبدار اعدادوشمار کی بنیاد پر کیے جائیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں