اسٹاک ایکسچینج:تیزی،44ہزارکی حدبحال،13ارب منافع

اسٹاک ایکسچینج:تیزی،44ہزارکی حدبحال،13ارب منافع

178پوائنٹس بڑھ کر100 انڈیکس44114پربند،سرمایہ 7587ارب ہوگیا ، 8ارب روپے مالیت کے 19کروڑ51لاکھ74ہزار حصص کے سودے طے ہوئے

کراچی (بزنس رپورٹر )اسٹاک مارکیٹ میں کئی روز سے جاری مندی کا سلسلہ جمعہ کو تھم گیا ،کے ایس ای 100انڈیکس178پوائنٹس کے اضافے سے 44ہزار کی نفسیاتی حد عبور کرکے 44114 پربند ہوا،اس دوران سرمایہ کاروں کو13ارب کا منافع ہواجبکہ 51.77فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔تفصیلات کے مطابق اسٹا ک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آخری روز کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا ،سرمایہ کاروں اورمالیاتی اداروں کی ٹیلی کام ،پراپرٹیز ،پٹرولیم ،اسٹیل سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی بدولت ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس ایک موقع پر 44300پوائنٹس کی حد عبور کر گیا تھا تاہم تکنیکی کریکشن کے سبب مندی کی لہر آنے سے انڈیکس 43700 پوائنٹس کی کم سطح تک گر گیا تھا تاہم مارکیٹ میں مجموعی طور پر تیزی رہی ۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای30انڈیکس 94پوائنٹس کے اضافے سے 17034پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس 30249پوائنٹس سے بڑھ کر30302پوائنٹس پر بند ہوا ،مجموعی سرمایہ بڑھ کر75کھرب87ارب روپے ہوگیا۔جمعہ کو10ارب روپے مالیت کے 28کروڑ98لاکھ47ہزار حصص کے سودے ہوئے جب کہ جمعرات کو 8ارب روپے مالیت کے 19کروڑ51لاکھ74ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ،مجموعی طور پر 338کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 175کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،146میں کمی اور17 میں استحکام رہا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں