یونائیٹڈموٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں ایک بار پھراضافہ
کراچی(آن لا ئن )ڈالرنے مقامی مارکیٹس کو مشکلات کا شکار کردیا ،غریب کی سواری بھی مسلسل مہنگی ہورہی ہے ۔
موٹر سائیکل بنانے والے ادارے ہنڈا، یاماہا اور روڈ پرنس کے بعد یونائیٹڈ آٹو انڈسٹری نے بھی اپنی تمام موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ۔آٹو انڈسٹری کے حوالے سے معروف ویب سائٹ ’’پاک وہیلز‘‘کے مطابق یونائیٹڈ یو ایس 70 کی نئی قیمت1لاکھ 2ہزار 500 روپے ہوگئی جبکہ پرانی قیمت 96 ہزار 500 روپے تھی۔اسی طرح یونائیٹڈ یو ایس 100 کی نئی قیمت1لاکھ 8 ہزار روپے ہوئی ہے جب کہ پرانی قیمت 96 ہزار 500 روپے تھی۔یونائیٹڈ آٹو انڈسٹری نے اپنی تیار کردہ اسکوٹی کی قیمت میں 15 ہزار روپے کا اضافہ کیا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت ایک لاکھ 35 ہزار روپے ہو گئی ہے ۔ویب سائٹ کے مطابق یونائیٹڈ یو ایس 125 کی قیمت میں بھی 9 ہزار روپے کا اضافہ کردیاگیاہے جس کے بعد موٹر سائیکل کی قیمت بڑھ کر1لاکھ 50 ہزار روپے ہو گئی ۔یونائیٹڈ آٹو انڈسٹری نے اپنی تیار کردہ یونائیٹڈ 150 الٹی میٹ تھرل کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا ہے ۔