کارانداز اور بینک الفلاح کے درمیان معاہدہ
کراچی(بزنس ڈیسک)بینک الفلاح نے کارانداز کے ساتھ پاکستان میں خواتین کارکنوں کے نیٹ ورک کو وسعت دینے کیلئے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
شراکت داری کے اس معاہدے پر کارانداز کے چیئرپرسن سلیم رضا، بینک الفلاح کے صدر و سی ای او عاطف باجوہ، سی ای او کارانداز وقاص الحسن، ڈیجیٹل بینکنگ کے گروپ ہیڈ یحیی خان اور دونوں اداروں کے اعلیٰ حکام کی موجودگی میں دستخط کیے گئے ۔شراکت داری کا مقصد پاکستان میں خواتین کی مالی شمولیت کو فروغ دینا ہے ، اور یہ کارانداز کے خواتین کے مالیاتی شمولیت پروگرام کے مقاصد سے ہم آہنگ ہے ۔ معاہدے کے تحت بینک الفلاح ملک کے مختلف علاقوں میں خواتین ایجنٹس کو شامل کر کے انہیں تکنیکی طور پر فعال کرے گا جیسے کہ ترسیلات زر کا مناسب استعمال، جہاں ہماری خواتین صارفین کو سروس حاصل کرنے اور اپنے فون نمبرز کا تبادلہ کرنے میں زیادہ آسانی ہوگی۔وقاص الحسن نے کہا کہ بینک الفلاح کے ساتھ ہمارا تعاون کار انداز کی ڈیجیٹلائزیشن اور صنفی طور پر مالیاتی شمولیت کے عزم کو واضح کرتا ہے ۔ عاطف باجوہ نے کہاکہ یہ تعاون مالی شمولیت کو آگے بڑھانے میں ایک اہم سنگ میل ہے ۔ ہم خواتین کارکنوں کی حمایت اور انہیں بااختیار بنانے ، ڈیجیٹل بینکنگ کی کامیابی کو آگے بڑھانے اور پاکستان بھر میں خواتین کے لیے مالی شمولیت کو فروغ دینے کیلئے کوشاں ہیں۔ کارانداز کے ڈائریکٹر ڈیجیٹل فنانشل سروسز شرجیل مرتضیٰ نے کہا کہ خواتین کی مالی شمولیت کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئے خواتین کارکنوں کانیٹ ورک ایک اہم ذریعہ ہے۔