جیولرز پر جبری سیلز ٹیکس کا نفاذ قابل قبول نہیں، ہارون رشید

جیولرز پر جبری سیلز ٹیکس کا نفاذ قابل قبول نہیں، ہارون رشید

سکھر (نمائندہ دنیا)آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے صدر الحاج ہارون رشید چاند،چیئرمین سپریم کونسل جیمز اینڈ جیولرزسندھ و صرافہ ایسوسی ایشن سکھر کے۔۔

 صدر حاجی محمد جاوید میمن نے کہا ہے کہ تاجر برادری کے مسائل حل کیے بغیر ملکی معاشی ترقی ممکن نہیں،حکومت اور ایف بی آر کی جانب سے جیولرز پر سیلز ٹیکس کا نفاذ کسی بھی صورت قبول نہیں کرینگے ، تاجر برادری پہلے ہی کئی اقسام کے ٹیکسز کا بوجھ برداشت کر رہی ہے اور حکمران طبقہ اپنی عیاشیوں کا بوجھ بھی تاجر برادری پر ڈال کر جیولرز پر جبری سیلز ٹیکس کا نفاذ کر رہاہے ، جو ہم کسی بھی صورت ہونے نہیں دینگے ، ہم نے ماضی میں بھی ظالمانہ اقدامات کے خلاف تاریخی ہڑتال کی تھی اور اب بھی ہمیں مسائل کے حل کیلئے سخت اقدام اٹھانا پڑا تو کراچی سے خیبر تک ایک آواز ہوکر جیولرز کے مسائل حل کرائینگے ۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے رحیم یار خان میں رانا امیر محمد کی جانب سے منعقدہ آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز کے تحت منعقدہ کنونشن سے خطاب کے دوران کیا۔کنونشن سے چیئرمین جیمز اینڈ جیولرز حاجی محمد اقبال، رانا محمد آصف،طاہر بھٹی،زاہد مغل،افتخار حسین و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ جیولرز کنونشن میں سکھر سے محمد ذاکر خان، سعید احمد، کندھکوٹ سے حاجی حضور بخش، اشوک کمار، لاڑکانہ سے حاجی مہتاب سمیت ملک بھر کے تاجروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر کنونشن میں شرکت کرنے والے مہمانوں کا والہانہ پرپتاک استقبال کیا گیا۔ پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے اجرک کا تحفہ بھی پیش کیا گیا۔کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں نئی حکومت نے ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں ،ہم امید کرتے ہیں کہ وہ ماضی کی غلطیوں کو نہیں دہرائیں گے اور ملک میں صنعت و تجارت ،کاروبار کے فروغ کیلئے تاجر برادری کی مشاورت سے ظالمانہ سیلز ٹیکس کے نفاذ کا خاتمہ کرکے آسان اور سہل ٹیکس نظام متعارف کرائیں گے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں