پنگریو :سنگین آبی بحران،گنے ،سورج مکھی کی فصلیں تباہ

 پنگریو :سنگین آبی بحران،گنے ،سورج مکھی کی فصلیں تباہ

پنگریو(نمائندہ دنیا)پنگریو اور ضلع بدین کے دیگرعلاقوں میں پینے ،زرعی پانی کا بحران سنگین صورت اختیارکرگیا، جس کی وجہ سے عوام اور۔۔

 کاشتکار شدید مشکلات کا شکار ہوگئے، پانی کے بحران پر کاشتکار اور سماجی تنظیمیں سراپااحتجاج بن گئیں ۔اس ضمن میں محکمہ آبپاشی کی جانب سے کوٹری بیراج پر پانی کی تقسیم میں کی جانے والی سنگین بے ضابطگیوں اور اقرباپروری کے باعث ضلع بدین کی تین آبپاشی سب ڈویژنز کڈھن،شادی اورقاضیہ کی درجنوں چھوٹی بڑی نہروں میں پانی کابحران مزیدشدت اختیارکر گیاہے ،جس کی وجہ سے ضلع بدین بھرمیں ہزاروں ایکڑپرکھڑی گنے ،سورج مکھی کی فصلوں کو زبردست نقصان پہنچاہے جبکہ پھٹی اوردھان کی پنیری سمیت نئی فصلوں کی بوائی شروع نہیں ہوسکی ۔ اس کے علاوہ پنگریو،ٹنڈوباگو،کھوسکی، شادی لارج ،نندو،بدین،خلیفوقاسم اوردیگرعلاقوں میں نہروں میں مٹی اڑتی دکھائی دیتی ہے جبکہ مختلف شہروں ،قصبوں اوردیہات میں پینے کاپانی بھی دستیاب نہیں ہے ، اس سنگین بحران پرضلع بدین کے کاشتکار اورعوامی حلقے سراپااحتجاج بن گئے ہیں ۔میڈیاکے سامنے احتجاج کرتے ہوئے کاشتکاراورعوامی حلقوں نے کہاکہ اکرم ڈویژن میں پانی کی طویل وارہ بندی کی جارہی ہے جس کی وجہ سے ضلع بدین کی زراعت تباہ ہوچکی ہے ۔کاشتکاروں کے مطابق آبپاشی حکام اکرم ڈویژن کاپانی فروخت کررہے ہیں ، آبی قلت کے باعث فصلیں سوکھنے سے کاشتکارمعاشی بدحالی کاشکارہوگئے ہیں جبکہ علاقے میں پینے کے پانی کابھی بحران پیداہوگیاہے ۔کاشتکاروں اورعوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ سندھ،وزیرآبپاشی سندھ اورسیکریٹری آبپاشی سندھ سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے ،بصورت دیگرکاشتکاراحتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہوں گے۔

 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں