اسٹاک مارکیٹ:انڈیکس 77ہزارکی بلندسطح چھوکرواپس

اسٹاک مارکیٹ:انڈیکس 77ہزارکی بلندسطح چھوکرواپس

کراچی (بزنس ڈیسک،آن لائن)اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو کاروباری ہفتے کا اختتام تیزی کے ساتھ ہوا ۔کے ایس ای 100انڈیکس ملکی تاریخ میں پہلی بار 77ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گیا ۔

تاہم پرافٹ ٹیکنگ کی وجہ سے انڈیکس واپس 76ہزار پوائنٹس کی سطح پر آگیا،اس دوران سرمایہ کاروں کو 44ارب روپے کامنافع ہوا جب کہ 46.69فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں ۔تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں عید الاضحی کی سرکاری تعطیل سے قبل ملکی تاریخ میں بلند ترین سطح کو چھونے کا نیا ریکارڈ تو قائم کر دیا مگر کاروبار کے اختتام تک اس سطح کو برقرار نہ رکھ سکا ۔ماہرین کے مطابق نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ میں ڈیوڈنڈ اور کیپٹل گین ٹیکس میں اضافہ نہ ہونے کے بعدملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار ایک بار پھر متحرک ہو گئے ۔کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس 498پوائنٹس کے اضافے سے 76707پوائنٹس پر بند ہوا ،اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 260پوائنٹس کے اضافے سے 24698پوائنٹس اورآل شیئر زانڈیکس 48497پوائنٹس سے بڑھ کر48710پوائنٹس پر جاپہنچا ۔مجموعی سرمایہ بڑھ کر101کھرب78ارب روپے ہوگیا۔ جمعہ کو21ارب روپے مالیت کے 39کروڑ58لاکھ97ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ جمعرات کو 30ارب روپے مالیت کے 63کروڑ35لاکھ25ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔مجموعی طور پر 439کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 160کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،205میں کمی اور74میں استحکام رہا ۔کاروبار کے لحاظ کے الیکٹرک لمیٹڈ2کروڑ30لاکھ ،ورلڈ کال ٹیلی کام 2کروڑ24لاکھ ،ائر لنک کمیونی کیشن 1کروڑ79لاکھ ،فوجی سیمنٹ 1کروڑ71لاکھ اور لوٹے کیمیکل 1کروڑ66لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں