اتحاداور نظم و ضبط کا نفاذ اقتصادی ترقی کے حصول میں مددگار ،افتخار ملک
لاہور(اے پی پی)سارک چیمبر کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ زندگی کے ہر شعبے میں اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کا حقیقی نفاذ پاکستان کو پائیدار اقتصادی ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں انتہائی مددگار ثابت ہو سکتا ہے ۔
بدھ کو یہاں مسلم خان بونیری کی قیادت میں تاجروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یوم آزادی منانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ بابائے قوم محمد علی جناح کے ان فرمودات کو عملی جامہ پہنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دیتا ہے ، اندرونی تنازعات پر قابو پانے میں مدد گار ہوتا ہے اور قومی مقاصد کے لیے اجتماعی کوششوں کو جلا بخشتا ہے ، ہم متحد ہو کر تمام تر چیلنجز سے نمٹنے کے لیے زیادہ موثر طریقے سے کام کر سکتے ہیں، چاہے ان کا تعلق غربت، تعلیم، صحت یا زندگی کے کسی بھی شعبے سے ہو۔