سیاسی عدم استحکام معیشت کے لئے زہر قاتل،اشرف بھٹی

سیاسی عدم استحکام معیشت کے لئے زہر قاتل،اشرف بھٹی

لاہور (آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ سیاسی عدم استحکام معیشت ،مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے زہر قاتل ہے ۔۔

سیاست سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی سنجیدہ اور معتبر شخصیات جن کی آواز کو سنا جاتا ہے انہیں موجودہ حالات میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کیلئے آگے آنا چاہیے ،پاکستان کی میزبانی میں دو روزہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے قبل پر تشدد سر گرمیاں قابل مذمت ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مسائل کا حل صرف ڈائیلاگ میں ہے جس کے لئے حکومت اور اپوزیشن دونوں کو بڑے دل کا مظاہرہ کرنا چاہے ،میں نہ مانوں کی رٹ کسی طور پر بھی ملک و قوم کے حق میں بہتر نہیں ۔ حالات کو بند گلی میں دھکیلنے کی بجائے مل بیٹھنے اور آگے بڑھنے کا راستہ نکالنا چاہیے ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ ملک میں ہر طرف ہیجانی کیفیت ہے جس کی وجہ سے عوام میں مایوسی بڑھ رہی ہے جس کے انتہائی منفی اور خطرنات نتائج ہوں گے ۔ اپیل ہے کہ سنجیدہ اور معتبر لوگ موجودہ حالات میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے میں مزید تاخیر نہ کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں