ایف بی آر نے ایڈوانس اسٹاک رجسٹر سسٹم لانچ کردیا
اسلام آباد(بزنس ڈیسک)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے ٹیکس ایڈمنسٹریشن کو بہتر بنانے اور محصولات میں اضافہ کرنے کے لئے ایڈوانس اسٹاک رجسٹر سسٹم متعارف کروادیا۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ہدایت پر اور ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کی کوششوں کے تسلسل میں ٹیکس ایڈمنسٹریشن کو بہتر بنانے اور محصولات میں اضافہ کرنے کے لئے انفارمیشن سنٹر2.0 پلیٹ فارم سے ایڈوانس اسٹاک رجسٹر سسٹم لانچ کیاگیا ہے ۔ یہ جدید ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر ٹیکس افسران کو رئیل ٹائم میں رجسٹرڈ افراد کے ڈیٹا تک مکمل رسائی فراہم کرتا ہے جس سے شفافیت بڑھے گی اور انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ انفارمیشن سنٹر2.0 میں دستیاب اسٹاک رجسٹر ایک جدید مینجمنٹ انفارمیشن اور رپورٹنگ سسٹم کے طور پر کام کرے گا جس سے ٹیکس افسران آسانی سے تفصیلی اسٹاک ڈیٹا حاصل کر سکیں گے ،تاکہ ٹیکس کا درست تخمینہ لگا کر ٹیکس چوری کے خطرات کو کم کیا جا سکے ۔اس سسٹم کے تحت ٹیکس دہندگان کی پروفائلز کو یکجا کردیا گیا ہے جس میں انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس کے جمع کرائے گئے گوشواروں کی تاریخ، خلاصے اور مجاز نمائندوں کی پروفائلز بھی شامل ہوں گے ۔ اس مربوط رسائی سے ٹیکس اور ڈیکلیریشن کا موازنہ ہو سکے گا جس سے جامع نگرانی کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔اس سسٹم سے اسٹاک کی نقل وحمل مثلاً مقدار، قیمتیں اورلین دین کی تاریخیں تفصیلی طور پر ریکارڈ کرنے میں مدد ملے گی،جس سے ٹیکس افسران کو قوانین پر عمل درآمد کرانے اور درست اسٹاک اور کمپلائنس رپورٹس مرتب کرنے میں آسانی ہوگی، انفارمیشن سنٹر 2.0 پورٹل سے ایف بی آر کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا جس سے قومی معیشت کو تقویت ملے گی۔یہ پلیٹ فارم مختلف ڈیٹا اسٹریمز کو یکجا کرے گا جن میں سیلز ٹیکس کے ضمیمہ جات، کسٹمز کی درآمدات کی تفصیلات،ٹیکس دہندگان کی بطور ودہولڈیز اور ود ہولڈنگ ایجنٹس رپورٹس شامل ہوں گی۔