ڈالر کے انٹربینک ریٹ 280 سے نیچے، سونا مستحکم
کراچی(بزنس رپورٹر)انٹربینک میں ڈالر کے ریٹ کم ہوگئے ، اوپن مارکیٹ میں صرف ایک پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ادھرعالمی و مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے روز استحکام رہا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں ڈالر11پیسے کی کمی سے 279.95روپے کاہوگیا۔فاریکس رپورٹ کے مطابق اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالرایک پیسے کے اضافے سے 281 روپے 50پیسے کاہوگیا ۔دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 2910 ڈالر فی اونس کی سطح پر مستحکم رہا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ مستحکم رہنے کے باعث مقامی سطح پربھی فی تولہ سونا 3 لاکھ 6 ہزار روپے کی سطح پر برقرار رہا۔اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت 2 لاکھ 62 ہزار 345 روپے پر مستحکم رہی۔یاد رہے کہ پیر کو بھی سونے کی فی تولہ قیمت میں استحکام رہا تھا۔دریں اثنا چاندی کی فی تولہ قیمت 3388 روپے پر مستحکم رہی۔