سونے کی قیمتیں تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر، ڈالر سستا

کراچی(بزنس رپورٹر)عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں جمعرات کو سونے کی قیمتیں تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں،ادھر ڈالر کی بہ نسبت روپیہ تگڑا رہا۔
تفصیلات کے مطابق عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 22 ڈالر کے اضافے سے 3074 ڈالر فی اونس کاہوگیا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں اضافے کے باعث مقامی سطح پربھی فی تولہ سونا 2380 روپے کے بڑے اضافے سے 3لاکھ 23 ہزار 380 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر جاپہنچا،اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت 2041 روپے بڑھ کر 2لاکھ 77ہزار 246روپے پر جاپہنچی۔دوسری جانب اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں ڈالر6پیسے کی کمی سے 280.16روپے پر آگیا۔فاریکس رپورٹ کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر9پیسے کی کمی سے 281.85روپے کاہوگیا۔ماہرین کے مطابق چین کو ایک ارب ڈالر مالیت کے تجارتی قرض واپس کرنے کے بعد ادائیگیوں کے بوجھ میں کمی اور آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول کا معاہدہ طے پانے سے ڈالر کے مقابلے میں روپیہ بتدریج استحکام کی جانب گامزن ہوگیا۔