اسٹاک ایکسچینج:2206پوائنٹس کی مندی،240ارب خسارہ
کراچی(بزنس رپورٹر )پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کو شدید مندی رہی ۔کاروباری ہفتے کے چوتھے روز مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز 1950 پوائنٹس کی کمی سے 1 لاکھ 15 ہزار کی حد سے ہوا جو کچھ ہی لمحوں کے بعد۔۔۔
شدید گراوٹ سے 2500 پوائنٹس کی بڑی کمی سے دو نفسیاتی حدیں گنوا بیٹھا ،ہنڈرڈ انڈیکس مسلسل دباؤ میں رہتے ہوئے آغاز سے اختتام تک مسلسل منفی زون میں ٹریڈ ہوتا رہا۔بھارتی تنازع سے اسٹاک سرمایہ کاروں کے اوسان خطا رہے اور دن بھر بلو چپ کمپنیوں سمیت دیگر کمپنیوں کے شیئرز کی فروخت کا تانتا بندھا رہا ،اسی سبب ہنڈرڈ انڈیکس کی یومیہ کم ترین سطح 1 لاکھ 14 ہزار 661 پوائنٹس اور یومیہ بلند سطح 1 لاکھ 16 ہزار 568 پوائنٹس رہی۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس2206 پوائنٹس کی کمی سے 1 لاکھ 15 ہزار 19 پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 691 پوائنٹس کی کمی سے 35328 پوائنٹس اورآل شیئر زانڈیکس 1241 پوائنٹس کی کمی سے 72123 پوائنٹس پر بند ہوا۔اس دوران سرمایہ کاروں کو 240ارب روپے کا خسارہ ہوا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 14 ہزار 340 ارب روپے سے گھٹ کر 14 ہزار 100 ارب روپے روپے رہ گیا۔مجموعی طور پر 456 کمپنیوں کے حصص میں کاروبار ہواجس میں سے 83 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،339 میں کمی اور 34 میں استحکام رہا۔