چینی کی قیمتوں کو پر لگ گئے، فی کلو 195 روپے تک پہنچ گئی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ملک بھر میں چینی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔ تازہ ترین رپورٹس کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد میں چینی کی قیمت 195 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے، جب کہ راولپنڈی، کراچی اور پشاور میں 190 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔
اسی طرح کوئٹہ میں چینی 186، خضدار اور سیالکوٹ میں 185، حیدرآباد، بہاولپور، ملتان اور بنوں میں 180، جبکہ سکھر اور لاڑکانہ میں 175 روپے فی کلو کے نرخ ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ اس ہوشربا اضافے نے عام آدمی کی روزمرہ زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے ۔حکومت نے اس بحران پر قابو پانے کے لیے 5 لاکھ ٹن ریفائنڈ چینی درآمد کرنے کی اصولی منظوری دے دی ہے ۔ وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کے مطابق مزید 2 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن خام چینی کی درآمد کی منظوری کابینہ سے لی جائے گی، تاکہ مقامی مارکیٹ میں طلب و رسد کا توازن برقرار رکھا جا سکے ۔حکام کے مطابق جولائی تا مئی کے دوران ملک سے 7 لاکھ 65 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کی گئی، جس سے 112 ارب روپے سے زائد آمدن حاصل ہوئی۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ 2200 فیصد اضافے کے ساتھ بے تحاشا برآمدات نے مقامی مارکیٹ میں چینی کی دستیابی کو متاثر کیا، جس کے باعث اس کی قیمتوں میں بے قابو اضافہ ہوا۔مہنگائی کی ستائی عوام حکومت سے فوری ریلیف کا مطالبہ کر رہے ہیں۔