اسٹاک ایکسچینج:تیزی، 1لاکھ33ہزارکی بلندسطح عبور

اسٹاک ایکسچینج:تیزی، 1لاکھ33ہزارکی بلندسطح عبور

کراچی(رپورٹ:حمزہ گیلانی )اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کا آغاززبردست تیزی کے ساتھ ہوا۔ریکارڈ تیزی کی لہر نے مسلسل7ٹریڈنگ سیشنز کے دوران 100 انڈیکس میں 11 ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ کرکے سرمایہ کاروں کو نہال کردیا۔۔۔

جبکہ نئے مالی سال کے 5 ٹریڈنگ سیشنز کے دوران انڈیکس میں 9 ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کے رجحان میں مسلسل اضافے کی وجوہات پاک امریکا تجارت، چین کی جانب سے قرضوں کا روول اوور ہونا، گردشی قرضوں میں کمی کا منصوبہ ،عالمی بینکوں سے ملنے والی رقم،زرمبادلہ ذخائر میں ہونے والا اضافہ ، وزیراعظم کا اگست میں چین کا ممکنہ دورہ ، بلو چپ کمپنیوں کے مثبت مالیاتی نتائج کی خبریں اور عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہے ، اسی تناظر میں 100 انڈیکس ٹریڈنگ کا آغاز 536 پوائنٹس بڑھ کر 1 لاکھ 32 ہزار 485 پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے ہوا ۔اسکے بعد 100 انڈیکس برق انداز کے ساتھ 1 لاکھ 32 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد پار کرتے ہوئے 1950 سے زائد پوائنٹس کی تیزی سے 1 لاکھ 33 ہزار 863 پوائنٹس کی حد پر ٹریڈ ہوکر نیا ریکارڈ بنا ڈالا۔ اسکے بعد معمولی نوعیت کی پرافٹ ٹیکنگ سے ٹریڈنگ کی رفتار میں کمی ہوئی۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس1421 پوائنٹس کے اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار 1 لاکھ 33 ہزار 370 پوائنٹس کی تاریخی حد پر ہوا ۔ اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 317 پوائنٹس بڑھ کر 40705اور آل شیئر انڈیکس 1011 پوائنٹس کے اضافے سے 83081 پوائنٹس پر بند ہوا ۔مجموعی طور پر477کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 297 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ ، 155 میں کمی اور 25 میں استحکام رہا۔اس دوران سرمایہ کاروں کو196ارب روپے کا منافع ہوا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 16 ہزار 106 ارب روپے پر جاپہنچا۔ دن بھر اسٹاک سرمایہ کاروں نے فرٹیلائزر ، بینکنگ ، انرجی ، آئل اینڈ گیس ، ٹیکسٹائل اور فارما سیکٹرز کے شیئرز کی خرید و فروخت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ٹریڈنگ کے ریکارڈ تیزی کے سبب 91 کروڑ 99 لاکھ 7ہزار مالیت شیئرز کا کاروباری حجم 45 ارب 31 کروڑ 19 لاکھ 70 ہزار 712 روپے ریکارڈ کیا گیا ۔ اسٹاک ایکسچینج ایکسپرٹ جبران سرفراز نے دنیا نیوز کو بتایا کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ تیزی کی لہر مثبت مالی حالات کی مرہون منت ہیں ۔قوی امکان اس بات کو ظاہر کرتے ہیں کہ مستقبل قریب میں بھی اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ تیزی کا سلسلہ جاری رہے گا اور مجموعی طور پر اسکے مثبت اثرات تمام کمپنیوں کے شیئرز پر مرتب ہوں گے۔

اسٹاک ایکسچینج

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں