سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن اور نیشنل سیکیورٹی پرنٹنگ کمپنی کا انضمام مکمل
کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹیٹ بینک کے تحت اہم ادارہ جاتی پیش رفت سامنے آئی ہے جسکے تحت سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن اور نیشنل سیکیورٹی پرنٹنگ کمپنی کا انضمام مکمل کرلیا گیا۔
مرکزی بینک کے مطابق یہ انضمام یکم جولائی 2025ء سے نافذالعمل ہوچکا ہے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق دونوں اداروں کے انضمام کا مقصد وسائل کا مؤثر استعمال، ادارہ جاتی استعداد کار میں بہتری اور سیکیورٹی پرنٹنگ کے عمل کو جدید تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کرنا ہے۔ اس اقدام کے نتیجے میں صارفین کو بہتر، جدیداور معیاری مصنوعات فراہم کی جائیں گی جبکہ سیکیورٹی پرنٹنگ کی سہولتوں میں نمایاں بہتری لانے کی توقع ہے ۔مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ انضمام کے بعد نیشنل سیکیورٹی پرنٹنگ کے تمام اثاثے، واجبات، حقوق، ذمہ داریاں اور معاہدے باقاعدہ طور پر پاکستان سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کا حصہ بن چکے ہیں جو اسٹیٹ بینک کا مکمل ذیلی ادارہ ہے۔