سٹاک ایکسچینج:نیا ریکارڈ، 1لاکھ 38ہزارکی سطح بھی عبور

سٹاک ایکسچینج:نیا ریکارڈ، 1لاکھ 38ہزارکی سطح بھی عبور

کراچی(بزنس رپورٹر)عالمی سطح پر پاکستان کو سفارتی و تجارتی کامیابیاں ملنے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ستمبر میں دورہ پاکستان کی خبروں کے باعث سٹاک ایکسچینج میں جمعرات کو بھی ریکارڈ نوعیت کی تیزی کا تسلسل برقرار رہا۔

جس سے ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس کی 1لاکھ 37ہزار اور 1لاکھ 38ہزار پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح بھی رقم ہوگئی۔ریکارڈتیزی کے سبب 63فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 204 ارب روپے بڑھ کر 16617 ارب روپے ہوگئی۔لسٹڈ کمپنیوں کے اچھے مالیاتی نتائج اور ڈیوڈنڈ کے اعلانات سے سٹاک مارکیٹ منافع بخش سرمایہ کاری کا مرکز بن گیا جس سے مارکیٹ میں نئے سرمایہ کاروں کا گراف بڑھتا جارہا ہے ، سرمایہ کاروں کے اعتماد اور مالی اداروں سمیت دیگر سیکٹر کی شعبہ جاتی بنیادوں پر خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے کیپٹل مارکیٹ کا گراف نئی بلندیوں کی جانب گامزن رہا جس سے کاروبار کے تمام دورانیے میں مارکیٹ ریکارڈ گرین زون میں رہی اور ایک موقع پر 2564پوائنٹس کی ریکارڈ نوعیت کی تیزی بھی رونما ہوئی، تاہم اختتامی لمحات میں فوری منافع کے حصول کے رحجان غالب ہونے سے جاری تیزی کی مذکورہ شرح میں قدرے کمی واقع ہوئی ۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 2285 پوائنٹس کے بڑے اضافے سے پہلی بار 138665پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 806پوائنٹس کے اضافے سے 42353پوائنٹس اورآل شیئر انڈیکس 1051 پوائنٹس کے اضافے سے 85699پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم بدھ کی نسبت 10.48فیصد زائد رہا ۔گزشتہ روز78کروڑ 7ہزار 655 حصص کے سودے ہوئے ۔مجموعی طورپر486 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 306 کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ، 154 میں کمی اور 26 میں استحکام رہا ۔گزشتہ روز 78 کروڑ شیئرز کے سودے 39.75 ارب روپے میں طے ہوئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں