خالص بیرونی سرمایہ کاری میں 5فیصد اضافہ ریکارڈ
کراچی(بزنس رپورٹر) ملکی معیشت کیلئے ایک اور حوصلہ افزا خبر سامنے آئی ہے جہاں مالی سال 2024-25ء کے دوران ملک میں خالص غیر ملکی براہِ راست سرمایہ کاری میں 5 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 2025ء میں خالص براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 2 ارب 45 کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہاجبکہ گزشتہ مالی سال یہ سرمایہ کاری 2 ارب 34 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تھی۔ یوں سالانہ بنیاد پر پاکستان کو 11 کروڑ ڈالر سے زائد کی اضافی ایف ڈی آئی حاصل ہوئی جو بیرونی سرمایہ کاروں کے پاکستان پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے ۔جون 2025ء میں بھی سرمایہ کاری کے محاذ پر مثبت پیشرفت دیکھی گئی، جب ایک مہینے کے وقفے کے بعد براہِ راست خالص غیر ملکی سرمایہ کاری میں 6 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 20 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی۔ گزشتہ سال جون 2024ء میں ایف ڈی آئی کا حجم تقریباً 20 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے قریب تھا، یوں سالانہ بنیاد پر ماہ جون میں بھی سرمایہ کاری میں 1 فیصد اضافہ نوٹ کیا گیا۔