پاکستانی آلو کیلئے روسی منڈیاں دوبارہ بحال کرنے کی تیاری
اسلام آباد (بزنس رپورٹر)پاکستانی آلو کیلئے روسی منڈیاں دوبارہ بحال کرنے کے سلسلے میں پاکستان ہارٹیکلچر ڈویلپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ کمپنی (پی ایچ ڈی ای سی) نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کے اشتراک سے ایک انٹرایکٹو زوم اجلاس ہوا۔۔
، جس کا عنوان پاکستانی آلو کے لیے روسی منڈی کی دوبارہ بحالی، موجودہ مسائل اور آئندہ لائحہ عمل تھا۔ یہ اجلاس پنجاب میں آلو کے سیزن کے آغاز اور برآمدی معیار کے آلو کی دستیابی کے پیش نظر منعقد کیا گیا، جس کا مقصد برآمدی منڈیوں میں توسیع اور تقریباً 1 کروڑ 20 لاکھ ٹن کی اندازاً ریکارڈ پیداوار کے تناظر میں اسٹریٹجک اہمیت کی حامل روسی منڈی کو دوبارہ کھولنا تھا۔ سرکاری و نجی شعبے کے اہم اسٹیک ہولڈرز نے روایتی منڈیوں تک محدود رسائی کے پیش نظر برآمدی منڈیوں میں تنوع کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ شبانہ ممتاز نے شرکاء کو بتایا کہ مئی 2025 میں عائد پابندی کی وجہ فائیٹو سینیٹری خدشات تھے ، جن میں پوٹیٹو ٹیوبَر موتھ اور اسپاٹڈ وِلٹ وائرس شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے باضابطہ تکنیکی جواب روسی حکام کو ارسال کیا جا چکا ہے ، تاہم تاحال ان کی جانب سے رائے موصول نہیں ہوئی۔ اجلاس کے اختتام پر ڈاکٹر محمد عظیم نے اس بات پر زور دیا کہ روسیلخوزنادزور کے ساتھ فعال اور مسلسل رابطہ ہی اس مسئلے کے حل کی کنجی ہے ، اور حکومتِ پاکستان کی جانب سے تکنیکی مشاورت اور فیلڈ وزٹس میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔