ڈیجیٹل ادائیگیوں کو تیزی سے فروغ دینا ایک قومی ترجیح
کارانداز کا آف لائن پیمنٹس انوویشن چیلنج، ڈیجیٹل مالی شمولیت کی جانب اہم قدم غیر مستقل رابطہ سازی اہم رکاوٹ، دائرہ کار، شمولیت محدود کر رہی ، چیف ایگزیکٹو
اسلام آباد (بزنس رپورٹر)ڈیجیٹل ادائیگیوں کو تیزی سے فروغ دینا ایک قومی ترجیح ہے ،تاہم غیر مستقل رابطہ سازی اب بھی اُن اہم رکاوٹوں میں سے ایک ہے جو اس کے دائرہ کار اور شمولیت کو محدود کر رہی ہے ۔ اگرچہ ،حالیہ برسوں میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے ، لیکن ملک کے متعدد حصوں میں مستحکم انٹرنیٹ یا موبائل نیٹ ورک تک رسائی نہ ہونے کے سبب ڈیجیٹل ذرائع سے روزرمرہ کا لین دین بدستور محدود ہے ، خاص طور پر دیہی، دور دراز، اور آفات سے متاثرہ علاقوں میں، ڈیجیٹل ادائیگیاں لاکھوں صارفین اور کاروباری اداروں کے لیے ناقابل رسائی ہیں۔ اس چیلنج کے تناظر میں، کارانداز پاکستان نے آف لائن پیمنٹس انوویشن چیلنج کے فائنل پچ راؤنڈ کا انعقاد کیا۔ یہ راؤنڈ ایک جامع جانچ پڑتال کے عمل پر مشتمل تھا جس کا مقصد محدود یا بغیر انٹرنیٹ رابطہ سازی والے ماحول میں راست کو استعمال کرتے ہوئے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے محفوظ اور قابلِ توسیع حل کی نشاندہی کرنا تھا۔ اس اقدام پر تبصرہ کرتے ہوئے کارانداز پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وقاص الحسن نے کہا پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے لیے مکمل انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کا تصور نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ ملک کے بیشتر حصے کم یا بغیر کنیکٹیویٹی والے علاقوں پر مشتمل ہیں۔ وزیراعظم کی قیادت میں کیش لیس پاکستان کے قومی وژن اور ڈیجیٹل پاکستان ایجنڈے کے مطابق آف لائن پیمنٹس انوویشن چیلنج ایسے مقامی حلوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے جو محفوظ، قابلِ توسیع اور ریگولیٹری فریم ورک سے ہم آہنگ ہوں ۔ رابطہ سازی کے خلا کا براہِ راست حل پیش کرتے ہوئے کارانداز کا مقصد جدید ترین راست سے استفادہ کرتے ہوئے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کو تیز کرنا ہے۔