پاک یواے ای تجارتی کانفرنس، بزنس نیٹ ورکنگ ایونٹ کا انعقاد

پاک یواے ای تجارتی کانفرنس، بزنس نیٹ ورکنگ ایونٹ کا انعقاد

کراچی(بزنس ڈیسک)قونصلیٹ جنرل آف پاکستان نے ٹڈاپ کے اشتراک سے پاکستان ایسوسی ایشن دبئی میں پاکستان متحدہ عرب امارات تجارتی کانفرنس اور بزنس نیٹ ورکنگ ایونٹ کا انعقاد کیا۔

یہ تقریب 26 تا 30 جنوری 2026ء منعقد ہونے والی گلفوڈ 2026 میں شریک پاکستانی نمائش کنندگان کے اعزاز میں منعقد کی گئی۔تقریب میں متحدہ عرب امارات کے سابق وزیرِ آب و ماحولیات ڈاکٹرسعید الکندی، ٹڈاپ کے ڈائریکٹر جنرل فوڈ اینڈ ایگرو عطر حسین کھوکھر، قونصل جنرل آف پاکستان حسین محمد، دبئی میونسپلٹی کے سینئر حکام، اماراتی کاروباری شخصیات اور دبئی میں مقیم مختلف ممالک کے سفارت کاروں نے شرکت کی۔ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ ونگ کی دعوت پر امریکا، مصر، ایران، سری لنکا، بحرین، کویت، بنگلہ دیش، پیرو، نائجیریا، زیمبیا، زمبابوے ، جنوبی افریقہ، برطانیہ، فرانس، موزمبیق، چین اور متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والے مختلف سفارت کاروں، مندوبین اور خریداروں نے پاکستانی نمائش کنندگان کے ساتھ بامعنی ملاقاتوں، بزنس میچ میکنگ اور بی ٹو بی روابط کے لیے اس تقریب میں شرکت کی۔

ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلرعلی زیب خان نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور کانفرنس کے مقصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس ایونٹ کا بنیادی ہدف پاکستانی کاروباری اداروں کے لیے بزنس ٹو بزنس نیٹ ورکنگ کے مواقع پیدا کرنا اور مشترکہ کاروباری منصوبوں کی راہ ہموار کرنا ہے ۔پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر شہزاد امین نے کہا کہ اس نوعیت کی کانفرنسز متحدہ عرب امارات میں قائم کاروباری اداروں کے ساتھ شراکت داری کے فروغ اور پاکستان کی ڈیری مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کے لیے نہایت اہم ہیں۔ پاکستان بزنس کونسل دبئی کے صدر شبیر مرچنٹ نے پاکستانی نمائش کنندگان کو مقامی ڈسٹری بیوٹرز اور درآمد کنندگان سے روابط قائم کرنے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ٹڈاپ کے ڈائریکٹر جنرل جناب عطر حسین کھوکھر نے پاکستانی زرعی بنیادوں پر تیار کردہ متنوع مصنوعات اور عالمی منڈیوں میں ان کی بڑھتی ہوئی طلب پر روشنی ڈالی، بالخصوص پاکستان سے چاول کی برآمدات کا ذکر کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں