وزیراعظم بھی غیر قانونی احکامات دے تو سول سرونٹس عمل کرنے کے پابند نہیں:سپریم کورٹ

وزیراعظم بھی غیر قانونی احکامات دے تو سول سرونٹس عمل کرنے کے پابند نہیں:سپریم کورٹ

تقرریوں کا طریقہ کار ، اشتہار دیا جاتا،بادشاہ نہیں بس آرڈر کردیا،ہر سرکاری ادارے میں اوور بھرتیاں،پی آئی اے کا انٹرنیشنل ایئر لائنز کیساتھ موازنہ کریں:جسٹس ہاشم اوور بھرتیوں کی وجہ سے پی آئی اے کی نجکاری کرنا پڑی:وکیل نیب،او جی ڈی سی ایل بھرتی کیس میں سابق وزیر انور سیف اﷲکی نظرثانی درخواست پر وکلا کو تیاری کی ہدایت

اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)سپریم کورٹ کے جسٹس ہاشم کاکڑ نے او جی ڈی سی ایل بھرتی کیس میں ریمارکس دئیے ہیں کہ وزیراعظم بھی غیر قانونی احکامات دیں تو سول سرونٹس عمل کرنے کے پابند نہیں۔ جسٹس ہاشم کاکڑکی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے او جی ڈیل سی ایل میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق کیس کی سماعت کی،عدالت نے سابق وزیر انور سیف اللہ کی نظر ثانی کی درخواست پر وکلا کو تیاری کی ہدایت کردی، نیب کے وکیل نے کہاسابق وزیر انور سیف اللہ کی جانب سے چیئر مین او جی ڈی سی ایل کو تقرری لیٹرز کا کہا گیا،جسٹس ہاشم کاکڑنے ریمارکس دئیے کہ تقرریوں کا طریقہ کار ہے اشتہار دیا جاتا ہے ،بادشاہ تو نہیں بس آرڈر کردیا، وکیل نیب نے موقف اختیارکیا کہ وزیر کے پرنسپل سٹاف آفیسر نے لکھا کہ نوکریوں کیلئے پارلیمنٹ کا دباؤ ہے۔

جس پرجسٹس صلاح الدین پنورنے کہاوزراء سے عوام نوکریاں تو مانگتے ہیں، وکیل نیب نے کہانوکریوں کے اپائنمنٹ لیٹر بھی وفاقی وزیر کے آفس بھجوائے گئے ،جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہاوزیر اعظم بھی اگر غیر قانونی احکامات دے تو سول سرونٹس ماننے کے پابند نہیں،وکیل نیب نے کہاسول سرونٹس اگر احکامات ماننے سے انکار کرے تو اس پر عذاب آجانا ہے ،او جی ڈی سی ایل میں اوور سٹاف بھرتیاں کی گئیں،جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دیئے کہ ہر سرکاری ادارے میں اوور بھرتیاں ہیں،پی آئی اے کا انٹرنیشنل ایئر لائنز کیساتھ موازنہ کریں ناں، وکیل نیب نے کہاپی آئی اے میں اوور بھرتیوں کی وجہ سے نجکاری کرنا پڑی، جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہاجس وقت بھرتیاں کی گئیں اس وقت احتساب کمیشن کا قانون نہیں تھا،جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہامتعلقہ وفاقی وزیر سزا تو بھگت چکے ہیں،کیا اتنا کافی ہے وزیر نے سزا پوری کی ہے ، وکیل نیب نے استدعاکی عدالت نظر ثانی خارج کرکے فیصلہ برقرار رکھ دے ، جسٹس ہاشم کاکڑنے کہاسزا کا ایک داغ تو ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں