چیئرمین نیب کی وزیراعظم سے ملاقات،کارکردگی رپورٹ پیش
نوجوانوں کی تعلیم ،ہنرمندی کیلئے ہرممکن وسائل فراہم کرینگے :شہبازشریف
اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ نوجوانوں کی تعلیمی قابلیت اور ہنرمندی کیلئے ہرممکن وسائل فراہم کریں گے ۔وزیراعظم نے ملاقات کرنیوالے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان سے گفتگو میں یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کی فلاح و بہبودکیلئے جاری اقدامات پر اظہار اطمینان کیااورکہا کہ نوجوانوں کی تعلیمی قابلیت کو بڑھانے کیلئے موثر اقدامات حکومت کی اولین ترجیح ہے ،وفاقی حکومت نوجوانوں کی ہنر مندی اور استعداد کار میں مزید اضافہ کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے گی۔بعدازاں چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے وزیراعظم سے ملاقات کی اوربریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ گزشتہ برس نیب نے 6اعشاریہ 213 ٹریلین روپے کی ریکوری کی جو کہ ایک ریکارڈ ہے ۔شہباز شریف نے نیب کی کارکردگی کا باضابطہ طور پر جائزہ لیا اور نیب کو ایک ٹیکنالوجی کی بنیاد پر چلنے والے ادارے میں تبدیلی کو سراہا ۔ وزیراعظم نے نیب کی پیشہ ورانہ آزادی اور قومی وسائل کے تحفظ کے اس کے مشن کی حمایت کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم سے مصنوعی ذہانت کے سرکردہ ماہرین کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے بھی ملاقات کی،جس میں عالمی اداروں اور تنظیموں ، یونیورسٹی آف کیمبرج، یونیورسٹی آف آکسفورڈ، ڈیلویٹ اور دنیا کی معروف اے آئی اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کے سینئر رہنما شامل تھے جبکہ پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین بلال بن ثاقب بھی ملاقات میں موجود تھے ۔شہباز شریف نے کہا کہ حکومت قومی و اقتصادی ترقی کیلئے نئی ٹیکنالوجیز سے فائدہ اٹھانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے ۔ میانمار کے وزیرخارجہ یو تھان سوی نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی ،جس میں شہبازشریف نے تجارت اور معاشی تعاون، تعلیم، ثقافت، استعداد سازی اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یوم پرامن بقائے باہمی پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دنیا میں پائیدار امن صرف اس صورت ممکن ہے جب لوگ عزت وقار، باہمی احترام اور افہام و تفہیم کا طرز عمل اختیار کریں،دنیا مختلف ثقافتوں، مذاہب، زبانوں اور نظریات کے تنوع سے مالا مال ہے اور یہ تنوع کوئی خطرہ نہیں بلکہ مثبت طاقت ہے ۔