لکی کور انڈسٹریز کے مالی نتائج جاری، فروخت 9 فیصد کم رہی
مجموعی منافع17فیصد کمی سے 7,785ملین روپے ریکارڈ کیا گیا
کراچی(بزنس ڈیسک) لکی کور انڈسٹریزلمیٹڈ (کمپنی)نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کے بعد 31 دسمبر 2025 کو ختم ہونے والی ششماہی کے مالیاتی نتائج کا اعلان کردیا ۔ مربوط بنیاد پر زیرجائزہ ششماہی کیلئے 56,337ملین روپے کی خالص مجموعی فروخت 9 فیصد کم ہے ۔ جاری آپریشنز سے مجموعی منافع 7,785 ملین رہاجو17فیصد کم ہے ۔ 4,599 ملین روپے کا بعد از ٹیکس منافع اورہولڈنگ کمپنی کے مالکان سے منسوب 9.96 روپے کی فی حصص آمدنی 28 فیصد کم ہیں۔بورڈ نے 30 جون کو ختم ہونے والے مالی سال کیلئے 262.5 فیصد یعنی 2 روپے والے ہر شیئر پر 5.25 روپے فی شیئر کی شرح سے عبوری نقد منافع منقسمہ دینے کی منظوری دی ہے ۔چیف ایگزیکٹو آصف جمعہ نے کہا کہ ایل سی آئی انتہائی مشکل کاروباری ماحول سے نبردآزما ہونے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے جسے کمپنی کے متنوع پورٹ فولیو اور طویل مدتی تذویراتی حکمت عملی پر مبنی نقطہ نظر کی بھرپورمعاونت حاصل ہے۔