ویمن چیمبر سیالکوٹ اورٹڈاپ کا اشتراک،وی ایگزیبٹ کا کامیاب انعقاد
کراچی (بزنس ڈیسک) ویمن چیمبر سیالکوٹ نے ٹڈاپ کے اشتراک سے سیالکوٹ میں وی ایگزیبٹ 2026 کا چوتھا ایڈیشن کامیابی کے ساتھ منعقد کیا گیا ۔
دو روزہ یہ فلیگ شپ اقدام خواتین کی کاروباری صلاحیتوں کے فروغ، برآمدی استعداد میں اضافے اور ڈیجیٹل جدت کو آگے بڑھانے کیلئے وقف تھا۔تقریب کا باقاعدہ آغاز افتتاحی سیشن سے ہوا جس میں ترکیہ کے قونصل جنرل مہمت ایمن شمشیک بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے جبکہ ترک کمرشل اتاشی نورالدین دمیر بھی موجود تھے ۔ مہمانِ خصوصی نے اپنے خطاب میں خواتین کاروباری شخصیات کو عالمی منڈیوں تک رسائی اور انضمام کے مواقع فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ اپنے استقبالیہ کلمات میں سینئر ڈائریکٹر جنرل ٹڈاپ فوزیہ پروین چوہدری نے سیالکوٹ کی تجربہ کار خواتین برآمد کنندگان اور صنعتی رہنماؤں کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے بین الاقوامی منڈیوں میں مسلسل کامیابی حاصل کی ہے ۔ انہوں نے وی ایگزیبٹ 2026 کو ٹی ڈیپ کی صوبائی شمولیتی حکمتِ عملی میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام تجارتی مواقع کو علاقائی کاروباری شخصیات کے قریب لانے کا مؤثر ذریعہ ہے ۔وی ایگزیبٹ 2026 نے خواتین کاروباری شخصیات کو ایک مؤثر اور نمایاں پلیٹ فارم فراہم کیا جہاں انہوں نے اعتماد کے ساتھ اپنی مصنوعات اور برانڈز کی نمائش کی اور برآمد کنندگان، پالیسی سازوں اور تجارتی سہولت کاروں سے روابط قائم کیے ۔