تحقیق و ہنر کو معیشت کا حصہ بنایا جائے ،وفاقی چیمبر
معاشی ترقی کیلئے اکیڈمیوں اور انڈسٹری میں مضبوط روابط ناگزیر،ثاقب فیاض ودیگر
کراچی(بزنس رپورٹر)وفاقی چیمبر کے زیراہتمام نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اورکاروباری صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے تقریب منعقد ہوئی جس میں مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے اکیڈمیا اور انڈسٹری کے درمیان مضبوط روابط ناگزیر ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر ثاقب فیاض مگوں نے کہا کہ یہ تقریب خاص طور پر نوجوانوں کیلئے منعقد کی گئی تاکہ ان کی صلاحیتوں کو سراہا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ پانچ نمایاں نوجوانوں کو ایوارڈز کیلئے منتخب کیا گیا، تاہم اس امر کا اعتراف ضروری ہے کہ پاکستان میں اکیڈمی اور انڈسٹری کے درمیان مؤثر رابطہ قائم نہیں ہو سکاجسکا احساس بزنس کمیونٹی کو بھی نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو عملی میدان میں آگے بڑھانے کیلئے تعلیمی اداروں اور صنعتی شعبے کے درمیان پل کا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ تحقیق اور ہنر کو معیشت کا حصہ بنایا جا سکے ۔