اسرائیل :غزہ امدادی بیڑے کے 211 کارکن گرفتار
ایتھنز،میڈرڈ،روم،بیروت (اے ایف پی، دنیا مانیٹرنگ)غزہ جانے والے امدادی بیڑے کے منتظمین نے جمعرات کو کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے بین الاقوامی پانیوں میں یونان کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 211 کارکن گرفتار کر لیے ۔
گلوبل سمود فرانس کی ترجمان ہیلین کورون نے بتایا کہ یہ کارروائی کریٹ کے جزیرے کے قریب ہوئی،قافلہ حال ہی میں فرانس، سپین اور اٹلی سے روانہ ہوا تھا ۔ سپین نے امدادی قافلے کی گرفتاری کی سخت مذمت کی ہے ۔ قافلے میں سپین کے شہری بھی شامل تھے ۔سپین نے واقعے پر احتجاج درج کرانے کیلئے اسرائیل کے قائم مقام سفیر کو طلب کر کے شدید احتجاج کیا ، اٹلی نے بھی اسرائیلی فورسز کی کارروائی کی شدید مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ بین الاقوامی پانیوں میں گرفتار کئے گئے 24 اٹالین شہریوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے ۔ اسرائیلی وزیر خارجہ نے کہا کہ فلٹیلا کے کارکنوں کو یونان منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے یونان کا شکریہ ادا کیا کہ اس نے فلٹیلا کے شرکا کو قبول کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔ جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں میں 9 افراد شہید اور 24 زخمی ہو گئے ، جن میں دو بچے اور پانچ خواتین بھی شامل ہیں۔اسرائیلی فوج کے مطابق حزب اللہ کے ڈرون حملے میں ایک فوجی ہلاک اور 12 زخمی ہو گئے ۔ادھر غزہ میں اسرائیلی حملوں میں 4افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔