نوجوانوں کیلئے مواقع پیداکرنامعاشی استحکام کیلئے ناگزیر،رانا مشہود
ڈیجیٹل یوتھ حب کے ذریعے روزگار اور تعلیم کے مواقع فراہم کر رہے ہیں
کراچی(بزنس رپورٹر)چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پاکستان کا نوجوان طبقہ ملک کا سب سے بڑا اثاثہ ہے اور ان کیلئے مواقع پیدا کرنا طویل المدتی معاشی استحکام اور قومی ترقی کیلئے ناگزیر ہے ۔جمعہ کوکراچی چیمبر کے دورے پر رانا مشہود نے کہا کہ وزیر اعظم یوتھ پروگرام تقریباً 70 فیصد آبادی کو سہولت فراہم کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی نوجوان آبادی کو مثبت اور پیداواری سرگرمیوں میں مصروف رکھنا اور انکے لیے مواقع پیدا کرنا ایک بڑا چیلنج ہے ۔انہوں نے وضاحت کی کہ وزیر اعظم یوتھ پروگرام اس وقت 4Es یعنی تعلیم، مصروفیت، ماحولیات اور روزگار کے فریم ورک پر کام کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پہلا ڈیجیٹل یوتھ حب متعارف کرایا گیا ہے تاکہ نوجوانوں کو مختلف مواقع سے منسلک کیا جا سکے ،ملک بھر کے تمام چیمبرز بشمول کراچی چیمبر پر زور دیا کہ وہ رجسٹریشن کے ذریعے اس پلیٹ فارم کا حصہ بنیں۔