روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں 12.42ارب ڈالر سے زائد جمع

روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں 12.42ارب ڈالر سے زائد جمع

خالص سرمایہ کاری 1 ارب 73 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی ،اسٹیٹ بینک اوورسیز پاکستانیوں کی دلچسپی سرمایہ کاری کے ماحول کیلئے مثبت اشارہ، تجزیہ کار

کراچی (بزنس رپورٹر) سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے ملکی معیشت میں سرمایہ کاری کا سلسلہ بدستور جاری ہے جس کے تحت روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں نمایاں رقوم جمع ہو رہی ہیں۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق نومبر 2020 سے 26 مارچ 2026 تک روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے مجموعی سرمایہ کاری 12 ارب 42 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی جو اوورسیز پاکستانیوں کے اعتماد کا مظہر ہے ۔ مذکورہ مدت کے دوران خالص سرمایہ کاری 1 ارب 73 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی ۔سرمایہ کاری کے بڑے ذرائع میں نیا پاکستان سرٹیفکیٹس شامل رہے جن میں کنونشنل نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں 53 کروڑ 80 لاکھ ڈالر جبکہ اسلامک نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں 1 ارب 9 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ،اسی طرح روشن ایکوٹی اکاؤنٹ کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 10 کروڑ 60 لاکھ ڈالر پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں لگائے جس سے مقامی کیپٹل مارکیٹ کو بھی سہارا ملا۔اعداد و شمار کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے تحت پاکستان میں استعمال ہونے والی مجموعی رقم 7 ارب 98 کروڑ ڈالر رہی۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق خالص قابل واپسی واجبات 2ارب 41کروڑ 50 لاکھ ڈالر ریکارڈ کئے گئے۔ مزید برآں اکاؤنٹس میں موجود بیلنس 60 کروڑ 70 لاکھ ڈالر بتایا گیا ہے ۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کی مسلسل دلچسپی ملکی مالیاتی استحکام اور سرمایہ کاری کے ماحول کیلئے مثبت اشارہ ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں