برآمدی صنعتوں کیلئے جامع پیکیج دیا جائے ، اعجاز الرحمن
ہاتھ سے بنے قالینوں کی عالمی مانگ برقرار، درست حکمت عملی ناگزیر
لاہور(آئی این پی)چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹیٹیوٹ اعجاز الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ بجٹ میں ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت سمیت دیگر برآمدی صنعتوں کیلئے جامع پیکیج دے ،پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کی آج بھی عالمی سطح پر مانگ ہے اوردرست حکمت عملی اپنا کر پاکستان دوبارہ اس صنعت کو برآمدات کا مضبوط ستون بنا سکتا ہے ۔ اپنے بیان میں اعجاز الرحمن نے کہا کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت سے وابستہ افراد بھی اپنی کمی کوتاہیاں دور کرنے کیلئے توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں تاہم حالیہ معاشی دباؤ، بڑھتی پیداواری لاگت اور عالمی مسابقت کے باعث یہ صنعت شدید مشکلات سے دوچار ہے ۔موجودہ حالات کے باوجود اس شعبے میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں بشرطیکہ جدید تقاضوں کے مطابق اصلاحات اور عملی اقدامات کیے جائیں،اس حوالے سے کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اہم کردار ادا کررہا ہے جہاں ہنرمندوں کو جدید ڈیزائننگ اور مارکیٹنگ کی تربیت دی جا رہی ہے ۔