ٹیلی کام شعبے کیلئے 3ارب کا پہلا ٹرپل اے ریٹنگ یافتہ گرین سکوک جاری

ٹیلی کام شعبے کیلئے 3ارب کا پہلا ٹرپل اے ریٹنگ یافتہ گرین سکوک جاری

کراچی(بزنس ڈیسک)انفرا ضامن پاکستان لمیٹڈ نے بریلانز گروپ کی کمپنی انفراالیکٹرک، دبئی اسلامک بینک لمیٹڈ، بینک الفلاح لمیٹڈ اور میزان بینک لمیٹڈ کے اشتراک سے پاکستان کے ٹیلی کام شعبے کیلئے 3 ارب روپے مالیت کے پہلے ٹرپل اے ریٹنگ یافتہ گرین سکوک کے اجرا کے معاہدے کا اعلان کیا ہے۔

معاہدے کے تحت انفرا ضامن پاکستان کی جانب سے انفرالیکٹرک پرائیویٹ لمیٹڈ کے جاری کردہ 3 ارب روپے کے گرین سکوک کے اصل سرمائے پر 100 فیصد ضمانت فراہم کیا جارہا ہے جبکہ دبئی اسلامک بینک گرین سکوک کے اجراء میں بطور لیڈ ارینجرکے طور پر خدمات سرانجام دے رہا ہے ۔ اس سرمایہ کاری سے پاکستان میں ٹیلی کام ٹاورز کے لیے لیتھیم آئن بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹمز اور سولر توانائی کے ایک سب سے بڑے کمرشل منصوبے کیلئے سرمایہ فراہم کیا جائے گا۔انفرا ضامن پاکستان کی چیف ایگزیکٹو آفیسر ماہین رحمان نے کہا کہ یہ اہم پیش رفت ظاہر کرتی ہے کہ کریڈٹ کے جدید طریقوں کے ذریعے بڑے گرین انفرااسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے نئے راستے کھولے جا سکتے ہیں۔ بریلانز گروپ کے  بلال قریشی نے کہا کہ یہ معاہدہ کاروباری ماڈل میں جدت کی ایک نئی مثال قائم کرتا ہے ۔ دبئی اسلامک بینک کے علی گلفراز نے کہا کہ یہ معاہدہ ملک میں بینک کے گرین انرجی کے عزم سے متعلق ایک بڑا سنگِ میل ہے ۔بینک الفلاح کے عاطف باجوہ نے کہا کہ بینک الفلاح اس تاریخ ساز گرین سکوک کا حصہ بننے پر خوش ہے ، یہ پاکستان میں گرین فنانس اور پائیدار انفراسٹرکچر کی ترقی کی جانب ایک بڑا قدم ہے ۔

میزان بینک کے سید تنویر حسین نے کہا کہ میزان بینک کی جانب سے اس بڑے گرین سکوک میں شرکت پاکستان میں پائیدار اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے عمل کو اسلامی فنانس کے کردار کی روشنی میں آگے بڑھانے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے ۔ معاہدے میں جہاں انفراضامن پاکستان بطور ضامن، انفرالیکٹرک پرائیویٹ لمیٹڈ بطور اجرا کنندہ اور دبئی اسلامک بینک لمیٹڈ لیڈ ارینجر کے طور پر شامل ہیں، وہیں بینک الفلاح لمیٹڈ جوائنٹ لیڈ ارینجر، میزان بینک لمیٹڈ ایل سی (امپورٹ) بینک، بینک اسلامی پاکستان لمیٹڈ انویسٹمنٹ ایجنٹ، جبکہ ڈی آئی بی پی ایف، ڈی آئی بی جی ایف ، الفلاح اسیٹ مینجمنٹ لمیٹڈ اور این بی پی فنڈ مینجمنٹ لمیٹڈ بطور سرمایہ کار شریک ہیں۔ اس کے علاوہ احمد اینڈ قاضی بطور قانونی مشیر برائے سرمایہ کار، ایچ پی | ایف کے ایم بطور قانونی مشیر برائے اجرا کنندہ، الہلال بطور شریعہ ایڈوائزر، پاکستان انوائرمنٹ ٹرسٹ بطور گرین بانڈ کنسلٹنٹ، اور پاکستان کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی (پاکرا) بطور ریٹنگ ایجنسی اس منصوبے کا حصہ ہیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں