انڈسٹری وکمرشل امپورٹرز کیلئے یکساں ٹیکس نظام کا مطالبہ
ٹیکسوں میں 6سے 9فیصد فرق کاروباری مسابقت کو متاثر کر رہا،ثاقب فیاض مگوں
کراچی(بزنس رپورٹر)وفاقی چیمبرکے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں نے کہا ہے کہ انڈسٹریل خام مال درآمد کرنے والے کمرشل امپورٹرز شدید مشکلات کا شکار ہیں اور موجودہ ٹیکس نظام انہیں غیر مساوی کاروباری ماحول میں کام کرنے پر مجبور کررہا ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ انڈسٹری اور کمرشل امپورٹرز کیلئے ٹیکسوں کا نظام یکساں بنایا جائے ۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ثاقب فیاض مگوں نے کہا کہ چند روز قبل انڈسٹریل خام مال کے کمرشل امپورٹرز نے ان سے ملاقات کرکے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ کمرشل امپورٹرز کا سب سے بڑا مسئلہ ٹیکسوں کی موجودہ شرح اور انڈسٹری کے مقابلے میں ٹیکسوں کے فرق کا ہے ۔ان کے مطابق جب انڈسٹری اور کمرشل امپورٹر ایک ہی خام مال درآمد کرتے ہیں تو دونوں پر عائد ٹیکسوں میں 6 سے 9 فیصد تک فرق آجاتا ہے جس سے کاروباری مسابقت متاثر ہوتی ہے ۔