اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوران تیزی کا رجحان

اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوران تیزی کا رجحان

انڈیکس میں 648پوائنٹس کا اضافہ، 1لاکھ 79ہزار 571پوائنٹس پر بند مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے باوجود مجموعی طور پر سرمایہ کاروں کا اعتماد مثبت رہا

کراچی (کامرس رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ کاروباری ہفتے سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مضبوط ہوا، مارکیٹ میں مجموعی تیزی کا رجحان رہا، بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 648 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 79 ہزار 571 پوائنٹس پر بند ہوا، ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوران ہنڈرڈ انڈیکس کی بلند ترین سطح 1 لاکھ 80 ہزار 507 پوائنٹس جبکہ کم ترین سطح 1 لاکھ 77 ہزار 674 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی، جس سے مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے باوجود مجموعی طور پر سرمایہ کاروں کے مثبت اعتماد کی عکاسی ہوتی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق ہفتے بھر شیئر بازار میں 112 ارب مالیت کے 2 ارب 40 کروڑ سے زائد شیئرز کا سودا ہوا، جو سرمایہ کاروں کی بھرپور سرگرمی کا مظہر ہے اسی دوران مارکیٹ کی مجموعی مالیت یعنی مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 139 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیاجس کے بعد یہ بڑھ کر 20 ہزار 134 ارب کی سطح پر پہنچ گئی۔آئل اینڈ گیس، سیمنٹ، بینکنگ، ریفائنری اور فارما سیکٹر کی کمپنیوں کے شیئرز سرمایہ کاروں کی خصوصی توجہ کا مرکز رہے اور ان شعبوں میں نمایاں خرید و فروخت دیکھی گئی، مارکیٹ مبصرین کے مطابق معاشی اشاریوں میں بہتری، کارپوریٹ نتائج سے متعلق مثبت توقعات، شرح سود میں کمی کی امیدوں اور سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد نے اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کو تقویت دی، جبکہ اگر یہی ماحول برقرار رہا تو آنے والے ہفتوں میں بھی مارکیٹ مزید مثبت سمت میں پیشرفت کر سکتی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں